کینیڈا کے وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی ان کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی اور انھیں 2014 میں اعلان کی گئی اعزازی شہریت بھی دی جائے گی۔

خبررساں ادارے اے پی کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ جب 19 سالہ ملالہ یوسف زئی 12 اپریل کو دورے پر آئیں گی تو وہ پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ ملالہ کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی کم عمرترین شخصیت ہوں گی۔

کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اور ملالہ یوسف زئی تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بات چیت بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اُس وقت ان کی عمر صرف 15 برس تھی، انھیں خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ چلڈرن پرائزبھی ملالہ یوسف زئی نے جیت لیا

ملالہ یوسف زئی کو ابتدائی طور پر پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تھی تاہم بعد میں انھیں برطانیہ کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

انھیں 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے پر ہندوستان کے کیلاش ستھیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی اعزازی طور پر کینیڈا کی شہریت حاصل کرنے والی چھٹی شخصیت ہیں۔

انھیں نوبیل پرائز کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز جیسے ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں