فیس بک دلائے گی پاس ورڈز سے نجات

19 اپريل 2017
— فوٹو بشکریہ فیس بک
— فوٹو بشکریہ فیس بک

ٹوئٹر، گوگل یا کسی اور ایپ یا ویب سائٹ کا پاس ورڈ بھول گئے ہیں یا یاد رکھنا مشکل ثابت ہورہا ہے؟ تو اب فکر مت کریں اب یہ کام فیس بک پر چھوڑ دیں۔

فیس بک کی سالانہ ایف ایٹ ڈویلپر کانفرنس کے دوران فیس بک لاگ ان کے چند نئے فیچرز کو متعارف کرایا گیا جو کہ لوگوں کو ایپس میں نئے یوزر نیم اور پاس ورڈ کی بجائے خودکار طور پر لاگ ان ہونے میں مدد دیتا ہے۔

اب اس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور صارفین کو ٹو فیکٹر authentication سے بچانے کے لیے آپشن دیا ہے۔

اس آپشن کے تحت فیس بک لاگ ان آپ کو ایک نمبر پر کال کرنے اور آواز کے ذریعے سائن ان ہونے کا آپشن دے گا اور یہ ایک خودکار میسج ہوگا جو کہ انگلش، عربی اور اسپینش سمیت 19 زبانوں میں ہوگا۔

ایک اور نیا فیچر لاگ ان پراسیس کو اس وقت تیز کردے گا جب آپ کوئی نیا فون لینے کے بعد اس ایپ کو ڈاﺅن لوڈ کریں گے جسے ماضی میں کسی اور فون میں کرچکے ہوں گے۔

اگر آپ ماضی میں اس ایپ میں فیس بک لاگ ان سے سائن ہوئے ہوں گے تو اس نئے فیچر کے تحت روایتی نئی ڈیوائس پر روایتی لاگ ان کے عمل کی بجائے اسی طرح دوبارہ ہوسکیں گے اور یہ فیچر اینڈرائیڈ ایپس کے لیے دستیاب ہوگا۔

اسی طرح اگر کسی ایپ کا پاس ورڈ بھول جائیں تو اب ای میل کے ذریعے اسے ری سیٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

فیس بک نے اس کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے جو کہ متعدد آن لائن اکاﺅنٹس پر ای میل کی بجائے فیس بک کے ذریعے رسائی فراہم کرے گا۔

فیس بک نے اس مقصد کے لیے ایک سافٹ وئیر جاری کیا ہے جو کہ آن لائن اکاﺅنٹس کی ہر سروس کے پاس ورڈ ریکور کرنے کے لیے آپ کے فیس بک اکاﺅنٹ کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا۔

فیس بک کے مطابق ای میل کوئی محفوظ نظام نہیں اور اس حوالے سے لوگوں کو چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے جس کا حل یہ سافٹ وئیر ہوگا۔

تبصرے (1) بند ہیں

RAVI SHANKAR Apr 19, 2017 06:54pm
مطلب فیس بُک ہیک ہوگئی تو سب ہیک ہوجائیں گے ۔۔۔