سیول: سمارٹ فونز متعارف کرانے والی دنیا کی بڑی کمپنی سام سنگ کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے گئے گلیکسی ایس 8 سے متعلق افشاں ہونے والی ایک رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ یہ فون ایپل اور گوگل کے تیار کردہ فونز سے بھی زیادہ لاگت میں تیار ہوا۔

گلیکسی ایس 8 کا فون نہ صرف سام سنگ کی باقی تمام موبائل فونز سے زائد لاگت میں تیار ہوا بلکہ اس فون کی تیاری میں آئی فون 7 اور گوگل پکسل سے بھی زائد لاگت آئی۔

رپورٹ کے مطابق سام سنگ گلیکسی ایس 8 کے فون کی تیاری میں مجموعی لاگت 301.60 ڈالر آئی، جب کہ آئی فون 7 پر مجموعی لاگت 224.80 ڈالر اور گوگل پکسل پر 285.78 ڈالر لاگت آئی تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر گلیکسی ایس 8 کی لاگت قیمت میں مینیوفیکچرنگ لاگت بھی شامل کی جائے تو اس میں مزید 6 ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا، جو ایپل اور گوگل کی فونز کی تیاریوں کی لاگت سے 20 سے 60 ڈالر زائد بنتی ہے۔

خیال رہے کہ گلیکسی ایس 8 کی ابتدائی قیمت 720 ڈالر ہے، کمپنی نے اس پر 400 ڈالر سے زائد منافع رکھا ہے۔

گلیکسی ایس ایٹ فیچرز

گلیکسی ایس ایٹ 5.8 انچ جبکہ گلیکسی ایٹ پلس 6.2 انچ اسکرین کے ساتھ ہے مگر انفنٹنی ڈسپلے اور بیزل لیس ہونے کے باعث یہ دیکھنے میں گلیکسی ایس سیون جتنے ہی لگتے ہیں جبکہ کواڈ ایچ ڈی ریزولوشن یا 2960x1440 ہے۔

ان فونز کے کیمروں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر بنایا گیا ہے اور اس بار بھی 12 میگا پکسل ڈوئل پکسل رئیر کیمرہ دیا گیا ہے جس میں ایف 1.7 آپرچر موجود ہے جو کہ گلیکسی ایس سیون میں بھی تھا مگر اس بار سام سنگ نے تصاویر کے طریقے کو بدل دیا ہے جس کے نتیجے میں فوٹوز کے رنگ پہلے سے کچھ بہتر اور واضح ہوتے ہیں، جبکہ ملٹی فریم پراسیسر شامل کیا گیا ہے تاکہ ایک وقت میں کئی تصاویر کو اکھٹا کرکے معیاری تصویر لی جاسکے۔

اسی طرح آٹھ میگا پکسل فرنٹ کیمروں کو بہتر بنایا گیا اور اسمارٹ آٹو فوکس اور وائیڈ اینگل سیلفیز لینے کے لیے بھی فیچر شامل کیا گیا ہے اور ہاں تصاویر کو سجاوٹ کے لیے متعدد شوٹنگ موڈز اور آپٹیمائز فلٹرز بھی دیے گئے ہیں۔

سام سنگ نے اسے اپنا طاقتور ترین فون قرار دیا ہے جس میں اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی انٹرنل اسٹوریج ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں