’پی سی بی خالد لطیف کی کردار کشی کر رہا ہے‘

11 مئ 2017
خالد لطیف اپنے وکیل کے ہمراہ— فائل فوٹو: اے ایف پی
خالد لطیف اپنے وکیل کے ہمراہ— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی بلے باز خالد لطیف کے وکیل بدر علم نے پی سی بی پر جانبداری اور بلے باز کی کردار کشی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ کے پاس ان کے موکل کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔

اسپاٹ فکسنگ کیس میں خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے کہا کہ پی سی بی کے قانونی مشیر نے اپنی پریس بریفنگ میں غلط بیانی کی ہے جس پر مجھے بہت افسوس ہے، انہیں حقائق کے برخلاف کوئی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے تفضل رضوی صاحب نے کہا کہ ہم جان بوجھ کر مقدمے کیلئے پیش نہیں ہوئے اور ہم بھاگ رہے ہیں حالانکہ میں نے ٹریبونل کے رجسٹرار کے فون پر بات کی تھی کہ میں سندھ ہائی کورٹ میں کئی مقدموں کی وجہ سے مصروف ہوں اس لیے حاضر نہیں ہوں سکوں اور چیئرمین پی سی بی نے بھی میرے اس عذر کو قبول کیا تھا۔

’اگر ہم بھاگ رہے ہوتے تو ہر سماعت پر پیش نہیں ہوتے حالانکہ ہم اس ٹریبونل اور اس کی قانونی حیثیت کو نہیں مان رہے ہیں‘۔

بدر عالم نے مزید کہا کہ پی سی بی 16فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں خالد لطیف کو انٹرویو لیا تھا اور اس کو چھپایا ہوا ہے حالانکہ کرنل اعظم نے خلاف سے کہا تھا کہ جو کچھ ہم کہیں وہ بول دینا، ہم تمہیں یہاں سے کلیئر نکال دیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی کے پاس کوئی گواہی یا ثبوت نہیں ہے اور ان کے پاس صرف خالد لطیف کا ایک انٹرویو ہے لیکن اس میں ایسی کوئی بات نہیں جس پر فرد جرم عائد کی جا سکے۔

اس موقع پر انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان تمام سماعتوں میں پاکستانی بلے باز کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور پی سی بی غلط راہ پر چل رہا ہے جس کا نتیجہ بورڈ کی شرمندگی کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہیں 16فروری کو ریکارڈ کی گئی ویڈیو نہیں دے رہا اور اس کیلئے عذر پیش کیا جا رہا ہے کہ اس کی ریکارڈنگ نہیں ہو سکی تھی جو بالکل بدنیتی پر مبنی ہے۔

خالد لطیف کے وکیل نے مزید کہا کہ اس طرح کی سماعتوں میں الزام لگانے والا ثبوت پیش کرتا ہے لیکن الٹا ہم سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ہم اپنی بے گناہی ثابت کریں حالانکہ ہمارے خلاف کوئی ثابت ہی موجود نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں