ٹیلیویژن ڈراموں اور فلموں دونوں جگہ اپنی صلاحیت سے خود کو منوانے والی ارمینہ رانا خان نے پاکستان میں تقاریب کے ریڈ کارپٹ میں مغربی ملبوسات پہننے والی اداکاراﺅں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئیٹ پیغام میں ارمینہ خان نے یہ سوال اٹھایا کہ آخر معروف شخصیات پاکستانی تقاریب میں روایتی ملبوسات کی بجائے مغربی لباسوں کو کیوں ترجیح کرتی ہیں۔

ان کا ٹوئیٹ آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں:

اس سوال کے جواب میں متعدد افراد نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اداکاراﺅں کو تنقید کا نشانہ بنایا جو مغربی ملبوسات کا استعمال کرتی ہیں۔

تاہم کچھ افراد نے ارمینہ خان کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں خود اپنے ملبوسات کو بھی دیکھنا چاہئے۔

جس پر اداکارہ نے یہ ٹوئیٹ کیا ' میں نے تو بس ایک سوال پوچھا تھا، آپ کو میری بات ٹھیک طرح پڑھنے کی ضرورت ہے، میں کوئی فیصلہ نہیں سنا رہی کیونکہ میں خود بھی مغربی ملبوسات استعمال کرتی ہوں'۔

بعد ازاں انہوں نے ردعمل پر فالورز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا 'میرے خیال میں مشرقی ملبوسات کو فتح ہوئی ہے'۔

واضح رہے کہ ارمینہ خان اس وقت کئی ٹی وی ڈراموں میں جلوہ گر ہورہی ہیں جبکہ ان کی نئی فلم یلغار کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔

اداکارہ نے اس فلم میں کام کرنے کے لیے کوئی پیسہ نہیں لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : یلغار کا ٹریلر آخرکار ریلیز

ارمینہ کو فلم کی کہانی اس حد تک پسند آئی کہ انہوں نے معاوضہ لینے سے انکار کیا، انہوں نے صرف اپنے کھانے پینے اور سفر کرنے کے اخراجات اٹھانے کی درخواست کی۔

تبصرے (0) بند ہیں