فیس بک اور واٹس ایپ کو میل وئیر سے خطرہ

09 جولائ 2017
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

فیس بک اور واٹس ایپ استعمال کرنے والے افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایک خطرناک میل ویئر ان کی حساس معلومات ان ایپس سے چوری کرسکتا ہے۔

یہ انتباہ آن لائن سیکیورٹی کے لیے کام کرنے والے پالو الٹو نیٹ ورکس نے جاری کیا ہے۔

ادارے کے مطابق اسپائی ڈیلر نامی میل وئیر لگ بھگ دو سال سے موجود ہے اور فیس بک، واٹس ایپ اور اسکائپ سمیت چالیس اپلیکشنز سے معلومات چرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں : اینڈرائیڈ فونز کے لیے خطرناک میل وئیر سامنے آگیا

یہ ٹروجن صارفین کے فون نمبر، میسجز، کانٹیکٹس اور کال ہسٹری بھی چرا سکتا ہے۔

اسی طرح یہ متاثرہ ڈیوائس کی لوکیشن بھی تلاش کرتا ہے اور ہر فون کال کی ریکارڈنگ بھی کرسکتا ہے۔

ادارے کے مطابق اس ڈیوائس کے ارگرد کی آواز اقور ویڈیو بھی اس کے ذریعے ریکارڈ کی جاسکتی ہے اور ہیکر فرنٹ اور بیک کیمروں کو تصاویر کھینچنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پچاس کروڑ کے قریب ڈیوائسز کو اس سے خطرہ لاحق ہے اور اینڈرائیڈ صارفین ہی اس کے شکار بن سکتے ہیں، لہذا واٹس ایپ، فیس بک اور دیگر کا استعمال انتہائی احتیاط سے کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : گوگل پلے اسٹور میں وائرس سے متاثرہ ایپس کا انکشاف

ماہرین کے مطابق یہ میل وئیر تھرڈ پارٹی ایپ اسٹورز سے پھیلتا ہے جو خود کو گوگل اپ ڈیٹ سافٹ وئیر کے پردے میں چھپا کر رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اینڈرائیڈ 2.2 سے لے کر 4.4 ورژن کی ڈیوائسز کو اس سے زیادہ خطرات لاحق ہیں جو کہ لگ بھگ دنیا بھر میں کام کرنے والے 25 فیصد اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں موجود ہے۔

کمپنی نے اس حوالے سے گوگل کو بھی آگاہ کیا ہے تاکہ صارفین کے لیے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں