پاکستانی ہدایت کار سید نور کی فلم ’چین آئے نہ‘ کی ریلیز تاریخ آگے بڑھا کر 11 اگست کردی گئی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے سید نور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’فلم کی ریلیز تاریخ اب تبدیل کرکے 11 اگست 2017 کردی گئی، اس دوران 14 اگست کی وجہ سے لوگوں کو لمبی چھٹی ملے گی، اس لیے فلم کی ریلیز کے لیے یہ بہتر وقت ہے‘۔

فلم ’چین آئے نہ‘ میں اداکار شہروز سبزواری اور سارش خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، یہ فلم اس سے قبل رواں ماہ 21 تاریخ کو پیش کی جانی تھی، تاہم اب ہدایت کار نے اپنا ارادہ تبدیل کرلیا۔

مزید پڑھیں: سید نور اپنی فلم ’چین آئے نہ‘ سے کیا سکھانا چاہتے ہیں؟

انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیوں کہ وہ خود ملک میں موجود نہیں تھے اور اس وجہ سے فلم کی پروموشن ٹھیک انداز میں نہیں کی جاسکتی۔

سید نور کے مطابق ’میں نے تاریخ اس لیے بھی تبدیل کی کیوں کہ میں بیرون ملک فلم کی پروڈکشن کا کام مکمل کرکے حال ہی میں پاکستان واپس آیا ہوں، فلم کو صحیح انداز میں پروموٹ کرنے کا وقت نہیں ہے، اس کا بھی وقت نہیں کہ دیکھا جاسکے کہ سنیما میں فلم کے پوسٹرز موجود ہیں یا نہیں‘۔

خیال رہے کہ فلم ’چین آئے نہ‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ ریلیز کیا گیا تھا جسے شائقین کا ملا جھلا ردعمل موصول ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں