’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا‘ ہندوستانی باکس آفس پر کامیاب

اپ ڈیٹ 15 اگست 2017
فلم 11 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی — ۔ اسکرین شاٹ
فلم 11 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی — ۔ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے ایکشن اسٹار اکشے کمار کی نئی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا' کو تجزیہ کاروں کا تو ملا جلا ردعمل موصول ہوا، لیکن باکس آفس پر بزنس کے حوالے سے یہ فلم کامیاب ثابت ہورہی ہے۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فلم نے اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک 63 کروڑ ہندوستانی روپے کما لیے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا‘ کی تشہیر میں بولی وڈ سرگرم

فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا‘ رواں ماہ 11 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی، فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 13 کروڑ، ہفتہ (12 اگست) کو 17 کروڑ، اتوار (13 اگست) کو 21 کروڑ اور پیر (14 اگست) کو 12 کروڑ ہندوستانی روپے کا بزنس کیا۔

’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا‘ ہندوستان میں ٹوائلٹس کی کمی اور صحت اور صفائی سے متعلق مسائل پر مبنی ہے، اس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ بھومی پڈنیکر نے مرکزی کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دوسروں کی ٹھکرائی فلم میں اکشے کمار نے کیوں کام کیا؟

فلم میں اکشے کمار ایک دیہاتی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو کسی دوسرے گاؤں سے دلہن بیاہ لاتے ہیں۔

گھر میں ٹوائلٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کی بیوی ان سے ناراض ہو کر چلی جاتی ہے اور انہیں منانے اور ٹوائلٹ کی تعمیر کے ارد گرد گھومنے والی اس فلم کی کہانی مزاحیہ اور سنجیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ رومانوی بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رفع حاجت کے مسئلے پراکشے کمار کی فلم کا ٹریلر جاری

فلم کی ہدایات شری نارائن سنگھ نے دی ہیں، جب کہ اکشے کمار اس فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

اگر بات فلم کو ملنے والے ریویوز کی کی جائے، تو اس فلم نے تجزیہ کاروں کو کچھ خاص متاثر نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوائلٹ ایک پریم کتھا اچھا تاثر جمانے میں ناکام

ابتداء میں یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ فلم باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوگی، تاہم اس کی تیزی سے بڑھتی کامیابی سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ فلم بہت جلد باکس آفس پر 100 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں