سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز سے متعلق شریف خاندان نے اپنی خاموشی توڑ دی۔

گذشتہ ہفتے علاج کی غرض سے لندن روانہ ہونے والی سابق خاتون اول کلثوم نواز کو گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹر پر لوگوں کو اپنی والدہ کی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سابق خاتون اول کو لیمفوما تشخیص ہوا ہے‘، جو گلے کے کینسر کی ایک قسم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ’ابتدائی مرحلے میں تشخیص کے باعث ڈاکٹرز پرامید ہیں اس بیماری کا کامیاب علاج کیا جاسکتا ہے۔‘

انہوں نے اپنے حامیوں کا کلثوم نواز کی صحت کے لیے دعا کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 120 ضمنی انتخاب: کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

کلثوم نواز، جو این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بھی ہیں،17 اگست کو غیر متوقع طور پر لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوگئی تھیں۔

وہ اپنے کاغذات نامزدگی پر جمع کرائے گئے اعتراضات کا جواب دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں پیش ہونے سے چند گھنٹے قبل لندن روانہ ہوئیں۔

نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی اس نشست پر 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب ہوگا۔

کلثوم نواز کی عدم موجودگی میں ان کی بیٹی مریم نواز انتخابی عمل کی نگرانی کریں گی کیونکہ اب تک پنجاب کے ضمنی انتخاب کی حکمت عملی طے کرنے والے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی لندن کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اپنی بھابھی کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں