ورلڈ الیون سے سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی

07 ستمبر 2017
آزادی کپ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اسپانسرز کے نمائندوں کے ہمراہ موجود ہیں— تصویر بشکریہ پی سی بی
آزادی کپ کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اسپانسرز کے نمائندوں کے ہمراہ موجود ہیں— تصویر بشکریہ پی سی بی

لاہور: پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین اگلے ہفتے سے لاہور میں ہونے والی آزادی کپ ٹی 20 کرکٹ سیریز کے’’ لوگو‘‘کی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شاندار تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے میڈیا سے ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

12 ستمبر سے ہونے والی تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوئی جس میں پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی، ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی، نائلہ بھٹی، بدر رفاعی اور اسپانسرز بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانا نہ صرف پی سی بی اور حکومت کی بلکہ عوام اور میڈیا کی بھی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان کرکٹ کیلئے بہت بڑا قدم ہے، تنقید برائے تنقید نہ کی جائے بلکہ کچھ بھی کہنے یا لکھنے سے پہلے قومی مفاد کو مدنظر رکھا جائے، ہمیں دنیا کو پاکستان کا منفی نہیں بلکہ مثبت پہلو دکھانا ہے کیونکہ اس دورے اور ایونٹ کی کامیابی سے مستقبل میں ملک میں مزید کرکٹ آئے گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میڈیا میں بہت طاقت ہے اور اکثر بریکنگ نیوز کی دوڑ میں وہ محتاط نہیں رہتے اور چیزوں کی غلط انداز میں رپورٹنگ کرتے ہیں جو بعد میں جھوٹی خبر ثابت ہوتی ہے لہٰذا میڈیا ذمے دارانہ انداز میں رپورٹنگ کرے کیونکہ وہ جو بھی رپورٹ کریں گے، انٹرنیشنل میڈیا اسے ہیڈ لائنز بنا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ کامیاب ہوا تو پھر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی بھی ٹیمیں پاکستان آئیں گی جس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو جائے گی اور پھر ہم دنیا کے دیگر ممالک کے بورڈز سے بھی بات چیت کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم کراچی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشش کر رہے ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ ورلڈ الیون کے دو میچز وہاں کروائیں لیکن فی الحال عالمی پلیئرز وہاں کھیلنے کیلئے تیار نہیں تھے البتہ ہم انٹرنیشنل سیکیورٹی ٹیموں کو کراچی کا دورہ کروائیں گے اور انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے جس کے بعد کراچی میں پہلے پاکستان سپر لیگ اور پھر دیگر انٹرنیشنل میچز کروائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی، مصباح الحق اور یونس خان کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں امید ہے کہ تینوں کرکٹرز آئیں گے۔

نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا کہ شاہد آفریدی اور مصباح الحق نے آنے کی حامی بھرلی ہے جبکہ یونس خان سے بھی بات ہوئی اور امید ہے کہ وہ بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت 15 سے 20 سابق کرکٹرز سمیت وزیر اعظم اور آرمی چیف کو بھی میچز دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ آزادی کپ کے ٹکٹس کے معاملے میں کسی سے بھی زیادتی نہیں کر رہے۔، پانچ سو روپے والی ٹکٹیں تھوڑی ہیں کیونکہ اگر ہم نے اس ایونٹ میں بہت زیادہ نقصان کیا تو پھر آڈٹ اور گورننگ بورڈ والوں کو جواب دینا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے خلاف ایونٹ میں منافع نہیں ہوگا تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ کم سے کم نقصان ہو، اسپانسرز نے ہمیشہ پی سی بی کے ہر ایونٹ کیلئے بھرپور ساتھ دیا ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں