صوبہ سندھ کے علاقے جامشورو میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر 4 بچوں کی ماں سمیت دو افراد کو قتل کردیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جامشورو عرفان بہادر کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ جامشورو کے گاؤں محمد یوسف کھوسو میں پیش آیا جہاں اللہ داد نامی شخص نے اپنی بہن اور 4 بچوں کی ماں 28 سالہ شہناز بلیدی کو گلا دبا کر ہلاک کرنے کے بعد محمد حسن بلیدی نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

واقعے کے بعد ملزم اللہ داد نے مقامی تھانے میں جا کر گرفتاری دی اور پولیس کے سامنے قتل کا اعتراف بھی کیا۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم اللہ داد کا موقف ہے کہ ان کی بہن اور مذکورہ شخص کے درمیان مبینہ طور پر غیر قانونی رشتہ قائم تھا۔

مزید پڑھیں: سندھ: غیرت کے نام پر بیوی، بہن قتل

ایس ایس پی نے تصدیق کی کہ دوہرے قتل کا واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کو واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ:’غیرت‘ کے نام پر بہنوں کو قتل کرنے والے کو سزائے موت

آخری اطلاعات آنے تک پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال سیکڑوں خواتین کو غیرت کے نام پر یا کاروکاری کا الزام لگا کر قتل کردیا جاتا ہے اور یہ انتہائی قدم اکثر ان کے قریبی عزیزوں کی جانب سے اٹھایا جاتا ہے۔

بیشتر خواتین کو محبت، غیر قانونی تعلقات اور پسند کی شادی کے الزامات لگا کر قتل کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ:غیرت کے نام پر دوافراد قتل

یاد رہے کہ خواتین کو 'غیرت کے نام پر قتل' کرنے والے بیشتر افراد کو ان کے اہل خانہ ہی کی جانب سے معاف کیے جانے پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔

عورت فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے 7852 واقعات رونما ہوئے تھے۔

عورت فاؤنڈیشن کی رضاکار صائمہ منیر کے مطابق گذشتہ سال کاروکاری کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں