پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے گزشتہ میچ کی فاتح الیون کھلانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان نے بابر اعظم اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 83 رنز سے شکست دے کر پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

ٹیسٹ میچ میں شکستوں سے دوچار ہونے والی قومی ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے محدود اوورز میں سری لنکا کی مسلسل ناکامیوں کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پہلے میچ میں کامیابی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے دوسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سرفراز احمد نے اسکواڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دوسرے میچ کیلئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور پہلے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے ابتدائی دس اوورز میں بلے بازوں سے مزید جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے کا مظالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ میں فتح کے بعد ہم سے توقعات بڑھ گئی ہیں اور ہم اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں ہم چند شعبوں میں بہتر کھیل پیش نہ کر سکے جس میں بہتری درکار ہے، ہم نے زیادل سنگل رن نہیں لیے اور اس پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔

بیٹنگ میں چھٹے نمبر پر آنے کے سوال پر سرفراز نے کہا کہ ٹیم کے موجودہ کمبی نیشن میں محمد حفیظ چوتھے نمبر پر کھیلیں گے اس لیے میں نے ٹیم کے بہترین مفاد میں چھٹے نمبر پر کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب لگاتار آٹھ ون ڈے میچ ہارنے والی سری لنکن ٹیم میں دوسرے میچ کیلئے چند تبدیلیاں متوقع ہے اور پہلے میچ میں دو فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اترنے والی سری لنکن ٹیم ایک اضافی باؤلر کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔

سری لنکن ٹیم کے کوچ نک پوتھاز نے اپنے کھلاڑیوں پر بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹنگ رنز نہیں کر پا رہی جبکہ باؤلرز بھی بہت زیادہ رنز دے رہے ہیں جبکہ دوسری جانب چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم بہت عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہے اور ہمیں جلد از جل اس کا جواب تلاش کر کے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا۔

دوسرے ون ڈے کیلئے قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔

سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، رومان رئیس اور جنید خان۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rashid Alkindi Oct 16, 2017 12:03am
This will be a difficult match,not allowed to any mistakes.