سرفراز کا اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی سے انکار

21 اکتوبر 2017
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ پیر کو کھیلا جائے گا— فوٹو: اے پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ پیر کو کھیلا جائے گا— فوٹو: اے پی

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی مسلسل فتوحات کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

پاکستان نے ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میچ میں سات وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فارمیٹ میں ہم تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں جس سے میرا کام آسان ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی خصوصاً سینئرز اپنا کردار سمجھ رہے ہیں، شعیب بھائی نے ذمے داری ہے جبکہ حفیظ بھی دونوں ہی شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ساتھ ساتھ نوجوان لڑکوں نے بھی آگے آ کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت کسی بھی چیز میں تبدیلی کا نہیں سوچھ رہے اور نظریں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں۔

دوسری جانب شکست خوردہ کپتان اپل تھارنگا نے ٹیم کی کارکردگی کا مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلسل وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں، اصل چیز بیٹنگ ہے اور سمجھ نہیں آرہی بیٹنگ بار بار کیوں ناکام ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی شاندار کارکردگی، سری لنکا کے خلاف لگاتار چوتھی فتح

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم سے کوئی بھی بڑا اسکور نہیں کر پا رہا اور میرے خیال میں اس کا تعلق اعتماد سے ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ہم اگلے میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر کلین سوئپ سے بچنے میں کامیاب رہیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں