ڈبلیو ڈبلیو ای کا سال کا چوتھا بڑا ایونٹ سروائیور سیریز اس اتوار کو ہورہا ہے ، جس میں ریسل مینیا 33 کے بعد پہلی بار معروف ریسلر ٹرپل ایچ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

گزشتہ کئی برسوں سے ٹرپل ایچ ریسل مینیا سے کچھ عرصے پہلے ہی ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں نظر آتے ہیں اور سال کا باقی وقت اسکرین سے دور رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں : معروف ریسلر ٹرپل ایچ رومن رینز کے ہاتھوں زخمی

تاہم اس بار ان کی ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں اچانک واپسی ہوئی اور اس کے پیچھے چھپا راز بھی سامنے آگیا ہے۔

ٹرپل ایچ سروائیور سیریز کے روایتی فائیو آن فائیو میچ میں ٹیم را کی نمائندگی کریں گے اور اس کے لیے جیسن جارڈن کو جگہ خالی کرنا پڑی۔

پرستاروں کی جانب سے کافی حیرت کا اظہار کیا جارہا تھا کہ ٹرپل ایچ اچانک ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ کا حصہ کیسے بن گئے تو اس کا جواب انہوں نے ایک انٹرویو میں دیا۔

ایک بھارتی سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ٹرپل ایچ نے انکشاف کیا کہ ان کی بے وقت رنگ میں واپسی کی وجہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے متعدد ریسلرز کی بیماری ہے، جس کے باعث وہ بوٹ چڑھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں کئی ریسلرز جیسے رومن رینز اور برے وائیٹ وغیرہ بیمار ہوکر مختلف ایونٹس سے باہر رہے جس کے باعث کمپنی کو کافی دھچکا لگا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی دولہا کے منفرد انداز سے ٹرپل ایچ بھی متاثر

یہی وجہ ہے کہ ٹرپل ایچ گزشتہ دنوں ڈبلیو ڈبلیو ای کے یورپین ٹور کے لائیو میچز کا حصہ بھی بنیں اور اب سروائیور سیریز میں ان ایکشن دکھائی دیں گے۔

ٹرپل ایچ اگلے ماہ بھارت میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ٹور کے دوران جندر مہل کے مدمقابل بھی آئیں گے۔

ایسا کہا جارہا ہے کہ ٹرپل ایچ کی واپسی درحقیقت ریسل مینیا 34 میں ان کے اور کرٹ اینگل کے درمیان میچ کے لیے تنازع کا آغاز بھی ثابت ہوگی، کیونکہ یہ دونوں ریسلرز ٹیم را میں موجود ہیں، جبکہ ماضی میں بھی ان کے درمیان کافی مخالفت رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں