امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ڈالروں کے لیے نہیں بلکہ اصولوں کی بنیاد پر لڑی ہے۔

نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے اور یہ اعتراف نہیں کیا گیا تو امریکا کے ساتھ تعاون کی پالیسی میں تبدیلی پر غور کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان نے سب سے زیادہ آپریشن کیے اور قربانیاں دیں۔

مزید پڑھیں: امریکا نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالر سے زائد عسکری امداد روک دی

اس سے قبل اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا فیصلہ اقوامِ متحدہ میں یروشلم کے معاملے پر ووٹ دینے سے نہیں بلکہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں مبینہ محفوظ پناہ گاہیں دینے سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ’دوہرا کھیل‘ کھیل رہا ہے اور وہ دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے، جو افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملہ کرتے ہیں۔

پاکستان کی امداد روکنے کی تصدیق

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے بھی امریکا کی جانب سے پاکستان کی 25 کروڑ ڈالر سے زائد عسکری امداد روکنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف مزید اقدامات کا اعلان آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

امریکا کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرز نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ اسلام آباد کے خلاف واشنگٹن کا اقدام گزشتہ برس ڈونلڈ ٹرمپ کی اعلان کردہ جنوبی اشیاء پالیسی میں پیش رفت ہوگا جبکہ امریکی صدر ایک عزم پر عمل کر رہے ہیں جو انہوں نے خود بنایا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں امریکی صدر نے پاکستان کو امداد کم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پاکستان میں دہشت گردوں کی مبینہ محفوظ پناہ گاہوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

پریس بریفنگ میں سارہ سینڈرز کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف مزید اقدامات کرسکتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ ایسا کرے اور اس کے لیے قدم اٹھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق تفصیلات آئندہ کچھ دنوں میں واضح ہو جائیں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لڑنے پر پاکستان کو دی جانے والی امداد کو امریکا کی بیوقوفی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان کو 15 سال تک امداد دے کر بیوقوفی کی، ڈونلڈ ٹرمپ

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’امریکا نے پاکستان کو 15 سال میں 33 ارب ڈالر سے زائد امداد دے کر بے وقوفی کی، پاکستان نے امداد کے بدلے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ وہ ہمارے رہنماؤں کو بیوقوف سمجھتا ہے۔‘

انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ’پاکستان دہشت گردوں کو مبینہ محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا جہاں سے دہشت گرد افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کو نشانہ بناتے ہیں، لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔‘

تبصرے (0) بند ہیں