بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے دو اضلاع میں کنٹرول لائن (ایل اوسی) کے اس پار سے بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون اور نوجوان جاں بحق اور دیگر 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'بھارتی فوج نے نیزاپیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرکے عام آبادی کو نشانہ بنایا جہاں ایک شہری شہید اور دو بچے زخمی ہوگئے'۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کو موثر جواب دیا گیا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے حویلی کے ڈپٹی کمشنر کاشف حسین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے شیلنگ صبح 11 بجے شروع ہوئی تھی جو شام چار بجے تک جاری رہی۔

خیال رہے کہ نیزاپیر ضلع حویلی کا علاقہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 'بھارتی فوج نے بھارتی اور چھوٹا دونوں قسم کے ہتھیار استعمال کیے لیکن ہماری جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا'۔

انھوں نے کہا کہ اخوری گاؤں میں 16 سالہ ذاکر مویشیاں چرا رہا تھا کہ ان پر بھارتی شیل گرے اور وہ جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں:ایل او سی پر بھارتی فورسز کی شیلنگ، 8 شہری زخمی

کاشف حسین کا کہنا تھا کہ اسی سیکٹر کے دوسرے گاؤں کیرنی میں 8 سالہ عثمان اور ان کی سات سالہ بہن معاویہ بھی زخمی ہوئیں جنھیں کہوٹہ میں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر کے اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کا کہنا تھا کہ نکیال سیکٹر کے ضلع کوٹلی کے گاؤں تارکنڈی، پلانی اور کلر گالا میں بھی بھارت فوج کی جانب سے بلاشتعال فائرنگ کی گئی اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پلانی گاؤں میں 25 سالہ خاتون بھارتی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوئی جس کی شناخت تسلیم بیگم کے نام سے ہوئی۔

ولید انور نے کہا کہ اسی گاؤں میں ایک اور ہم نام خاتون 27 سالہ تسلیم بی بی اور 50 سالہ محمد جاوید بھی زخمی ہوگئے۔

انھوں نے کہا کہ تمام متاثرہ افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کی حالت تشویش ناک ہے تاہم جاوید کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر کے علاقوں پیر کلنجر، دھروتی اور بالاکوٹ میں شام 6 بجے کے قریب فائرنگ شروع کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیرکلنجر اور موہراجم میں 18 سالہ عطا محمد اور 20 سالہ رئیس زخمی ہوئے۔

انھوں نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر شیلنگ جاری رہی تو اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے'۔

خیال رہے کہ ایل او سی میں بھارت اور پاکستان دونوں ممالک کی جانب سے فوج کی بڑی تعداد تعینات کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے 2003 میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں معصوم شہریوں کا جانی نقصان ہورہا ہے۔

خوریٹا سیکٹر کے ضلع کوٹلی میں یکم فروری کو ہونے والی فائرنگ سے 4 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 30 جنوری کو بھی ضلع کوٹلی کے ہی گوئی سیکٹر میں دو خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں