نئی دہلی: انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کے متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا اور وارنر کی جگہ ایلکس ہیلز اور اسمتھ کی جگہ ہینرچ کلاسن کو شامل کر لیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے پر اسمتھ اور وارنر کو کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ایک برس کی پابندی کا سامنا ہے۔

آسٹریلین کرکٹ کی جانب سے پابندی کے بعد انڈین پریمیئر لیگ کے حکام نے بھی اسمتھ اور وارنر کی لیگ میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔

آئی پی ایل میں اسٹیون اسمتھ نے راجستھان رائلز اور ڈیوڈ وارنر نے سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کرنی تھی۔

وارنر نے پابندی کی وجہ سے سن رائزرز حیدرآباد کی کپتانی سے بھی استعفیٰ دیا تھا اور اب ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن فرنچائز کی قیادت کریں گے۔

سن رائزرز حیدرآباد نے وارنر کی جگہ لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے انگلش بلے باز ایلکس ہیلز سے معاہدہ کر لیا۔

آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران کسی فرنچائز نے ہیلز میں دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی تاہم قسمت کی دیوی ان پر مہربان رہی اور حیدرآباد نے ان سے معاہدہ کر لیا۔

دوسری جانب راجستھان رائلز نے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ہینرچ کلاسن کو اسٹیون اسمتھ کے متبادل کے طور پر ٹیم شامل کر لیا ہے۔

کلاسن جنوبی افریقہ کی جانب سے تین ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں اور راجستھان رائلز نے ان کے ساتھ تقریباً 77 ہزار امریکی ڈالر میں معاہدہ کیا ہے۔

ادھر کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مچل اسٹارک کی جگہ انگلینڈ کے ٹام کیورن کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، آسٹریلین فاسٹ باؤلر انجری کے سبب آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں