چنئی سپر کنگز کا 2 سال بعد ہوم گراؤنڈ میں جوتوں سے استقبال

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2018
چدم برم اسٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ میں پانی کے بحران کے خلاف نعرے لگانے والوں پر پولیس قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی
چدم برم اسٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ میں پانی کے بحران کے خلاف نعرے لگانے والوں پر پولیس قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں دو سال کی پابندی کے بعد چنئی سپر کنگز کی ٹیم میچ کھیلنے ہوم گراؤنڈ پر پہنچی تو پانی کے بحران پر مشتعل تماشائیوں نے ان کا جوتوں سے استقبال کیا۔

کرپشن اسکینڈل میں ملوث ہونے کے سبب چنئی سپر کنگز پر دو سال تک آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی تاہم رواں سال آئی پی ایل کی کامیاب ترین ٹیموں میں سے ایک کی لیگ میں ازسرنو واپسی ہوئی ہے۔

تاہم ہوم گراؤنڈ پر چنئی کا دو سال بعد پہلے میچ کے لیے کچھ اچھے طریقے سے استقبال نہیں کیا گیا اور پانی بحران پر مشتعل شائقین نے ٹیم کے کھلاڑیوں پر جوتا پھینک دیا۔

چنئی سپر کنگز کے کھلاڑی فاف ڈیو پلیسی شائقین کی جانب سے پھینکا گیا جوتا پکڑے ہوئے ہیں
چنئی سپر کنگز کے کھلاڑی فاف ڈیو پلیسی شائقین کی جانب سے پھینکا گیا جوتا پکڑے ہوئے ہیں

چنئی سمیت پوری ریاست تامل ناڈو میں پانی کا بحران جاری ہے اور منگل کو چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان میچ سے قبل تماشائیوں نے خوب ہنگامہ آرائی کی جس سے میچ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا تھا۔

اسٹیڈیم کے باہر موجود مشتعل مظاہرین نے پانی کے بحران کے حل تک چنئی میں آئی پی ایل میچز منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اور اسی وجہ سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم اور میچ آفیشلز دیر سے اسٹیڈیم پہنچے اور میچ 13 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔

تاہم میچ کے دوران اس وقت بھارتی کرکٹ منتظمین کو شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹیڈیم میں موجود ایک تماشائی نے گراؤنڈ میں کھڑے کھلاڑی کو جوتا دے مارا جو ان کے قریب گرا اور ممکنہ طور پر یہ شائقین پانی کے بحران خلاف مظاہرہ کرنے والوں میں سے ہی ایک تھا۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی اننگز کے 8ویں اوور میں تماشائی نے جوتا پھینکا جو لانگ آن باؤنڈری پر کھڑے رویندرا جدیجا اور کھلاڑیوں کے لیے پانی لانے کی خدمات پر مامور 12ویں کھلاڑی فاف ڈیو پلیسی کے پاس گرا۔

اسٹیڈیم میں کسی بھی قسم کے سیاسی نعروں پر مبنی پوسٹرز یا بینر لانے پابندی کے باوجود مظاہرین کا ایک گروہ اپنے مطالبات کے حامل بینرز کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود پایا گیا۔

مذکورہ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کا حراست میں لینے کے بعد سیاسی نعروں کے حامل بینرز تھامے شائقین کو بھی اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔

اس کے بعد پورے میچ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور میچ بغیر کسی تعطل کے مکمل ہوا تاہم مذکورہ واقعے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ منتظمین چنئی میں شیڈول بقیہ 7 میچوں کو کسی اور شہر منتقل کر دیں گے۔

میچ میں چنئی سپر کنگز نے 203 رنز کا ہدف حاصل کر کے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں