پاکستانی ہدایت کار اور اداکار عدنان سرور کی فلم ’موٹرسائیکل گرل‘ کا مداح بےصبری سے انتظار کررہے ہیں، جس میں سوہائے علی آبڑو مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم ’شاہ‘ کے بعد یہ عدنان سرور کی دوسری فلم ہے، جس کی کہانی حقیقت پر مبنی ہونے کے ساتھ ساتھ اس فلم کی کاسٹ بھی کافی شاندار ہے۔

تاہم اس فلم کی سب سے بڑی خاصیت اس میں فلمائے گئے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے دلفریب مناظر ہیں، جہاں سوہائے علی آبڑو موٹر سائیکل پر سفر کرتی نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: سوہائے علی ابڑو ’موٹر سائیکل گرل‘ بن گئیں

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا تاہم اب اس کا گانا ’اڑ چلے‘ پیش کردیا گیا ہے، جس کی خوبصورت ویڈیو شائقین کو اپنے سحر میں مبتلا کردے گی۔

واضح رہے کہ ’موٹر سائیکل گرل‘ کی کہانی 20 سالہ پاکستانی لڑکی زینتھ عرفان کی زندگی پر مبنی ہے، وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موٹر سائیکل پر سفر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: معاشرے کی فرسودہ سوچ کے برخلاف چلنے والی 'موٹرسائیکل گرل'

زینتھ عرفان نے موٹرسائیکل پرکیے گئے اپنے سفر کو ’ون گرل ٹو ویلز‘ میں شیئر کیا، ان کے اس بلاگ کو سی این این اور نیویارک ٹائمز نے بھی شائع کیا، جس کے بعد انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔

زینتھ عرفان —۔
زینتھ عرفان —۔

اس فلم میں سوہائے علی نے زینتھ عرفان کا کردار ادا کیا ہے۔

’اڑ چلے‘ اس گانے کی گلوکاری علی نور نے کی، جن کی خوبصورت گائیکی نے اس گانے میں مزید چار چاند لگادیے۔

خیال رہے کہ فلم رواں ماہ 20 تاریخ کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں