کینیڈا: وین کی ٹکر سے 9 راہگیر ہلاک

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2018
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں وین کی ٹکر سے سڑک پر چلنے والے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق کینیڈا کی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو میں وین نے کم از کم 10 افراد کو ٹکر ماری، تاہم واقعے کی وجہ اور زخموں کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شمالی ٹورنٹو میں ایک سفید رنگ کی وین نے سڑک پر چلنے والے افراد کو ٹکر ماری۔

واقعے کے بعد پولیس نے یونگے اور فِنچ انٹرسیکشن کو نقل و حمل کے لیے بند کردیا جبکہ ٹورنٹو کی ٹرانزٹ ایجنسی نے کہا کہ اس نے علاقے سے گزرنے والی سَب وے لائن عارضی طور پر معطل کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے مقامی میڈیا کے حوالے سے کہا کہ واقعے میں 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ وین ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

تاہم بعد ازاں ڈرائیور کو واقعے کے کچھ فاصلے سے گرفتار کرلیا گیا لیکن پولیس نے فوری طور پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

ٹورنٹو پولیس کی ترجمان میگھن گرے کا کہنا ہے کہ ’واقعے کے پیچھے کیا محرکات تھے اس وقت سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، جبکہ اس وقت ہم یہ بتانے سے بھی قاصر ہیں کہ واقعے میں کتنے افراد کو کس نوعیت کی زخم آئے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اس روز پیش آیا جب ’جی سیون‘ ممالک کی کابینہ کے وزراء جون میں جی سیون اجلاس سے قبل مختلف بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے ٹورنٹو میں جمع ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں