لاہور: حالیہ انتخابات میں شکست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اُمیدوار نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 سے تحریک انصاف کے ناکام امیدوار عامر سلطان چیمہ نے صرف 279 ووٹوں سے شکست پر حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 25 جولائی کے انتخابات میں عامر سلطان چیمہ نے 1 لاکھ 10 ہزار 2 سو 46 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذوالفقار احمد بھٹی نے ایک لاکھ 10 ہزار 5 سو 25 ووٹ حاصل کیے۔

درخواست گزار نے عدالت عالیہ کے سامنے موقف اختیار کیا کہ 279 ووٹوں کے فرق سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ذوالفقار احمد بھٹی کو کامیاب قرار دیا گیا، جس پر ریٹرننگ آفیسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی گئی تاہم درخواست مسترد کر دی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ ریٹرننگ آفیسر کا ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہ کروانے کا اقدام غیر قانونی ہے اور عدالت دوبارہ گنتی کرنے کا حکم جاری کرے۔

رپورٹ: رانا بلال

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں