’تجدیدِ وفا‘ نوین اور ہارون کا پہلا ڈرامہ

دونوں اداکار پہلی مرتبہ اس نئے ڈرامے کا حصہ بننے جارہے ہیں، جو ستمبر میں نشر ہوگا —فوٹو/ انسٹاگرام
دونوں اداکار پہلی مرتبہ اس نئے ڈرامے کا حصہ بننے جارہے ہیں، جو ستمبر میں نشر ہوگا —فوٹو/ انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ نوین وقار اپنے نئے ڈرامے پر کام کررہی ہیں، جس میں پہلی مرتبہ اداکار ہارون شاہد ان کا ساتھ دیتے نظر آئیں گے۔

اس ڈرامے کا نام ’تجدیدِ وفا‘ رکھا گیا ہے، جس کی پروڈکشن مومنہ درید کررہی ہیں، ڈرامے کی ہدایات الیاس کشمیری دے رہے ہیں، جبکہ کہانی سمیرا فضل نے تحریر کی۔

خیال رہے کہ نوین وقار اور الیاس کشمیری اس سے قبل بھی دو پروجیکٹس میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے نوین نے اپنے نئے ڈرامے کے حوالے سے بتایا کہ اس ڈرامہ کی کہانی خاندان کی اہمیت پر مبنی ہے، جس میں دکھایا جائے گا کہ والدین اپنے آپسی رشتے کے ذریعے بچوں کے سامنے کیسے مثال قائم کرسکتے ہیں اور اس کا اثر بچوں پر کیسا پڑتا ہے۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ڈرامے میں ایک دوسرے کے لیے دی جانے والی قربانی، محبت اور رشتے کو برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کو پیش کیا جائے گا۔

Team #Wafa These kids! #HumTV #Drama #Pakistan #NavinWaqar

A post shared by Haroon Shahid (@haroonshahidofficial) on

نوین کا کہنا تھا کہ ’میں اس ڈرامے میں نہیا نامی خود مختار لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں، وہ کافی محنتی ہے اور اس کی فیملی اس کے لیے بےحد ضروری ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب تک ڈرامے کی شوٹنگ کا تجربہ ان کے لیے کافی خاص رہا۔

ہارون شاہد کے مطابق ان کے اور نوین کے علاوہ اس ڈرامے کی کاسٹ میں احمد علی، عینی جعفری، عابد علی اور لیلا زبیری بھی موجود ہیں۔

ہارون نے بتایا کہ ’احمد علی اور میں اس ڈرامے میں بھائی بنے ہیں، مجھے اس پروجیکٹ میں کام کرنے پر کافی مزاح آرہا ہے، لیکن ایک فلم میں کام کرنے کے بعد مجھے اندازہ ہورہا ہے کہ ڈرامے کی شوٹنگ فلم سے زیادہ مشکل ہے‘۔

’تجدیدِ وفا‘ رواں سال ستمبر میں ہم ٹی وی پر نشر ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں