رنبیر کپور کی سابقہ اور حالیہ گرل فرینڈ ایک ساتھ

28 ستمبر 2018
یہ دونوں پہلی مرتبہ کسی ٹاک شو میں ساتھ نظر آئیں گی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یہ دونوں پہلی مرتبہ کسی ٹاک شو میں ساتھ نظر آئیں گی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

کیا کبھی کوئی سوچ سکتا تھا کہ بولی وڈ کی کامیاب اداکارائیں دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ نامور بھارتی شو کافی ود کرن کا حصہ بنیں گی؟

حیرانی اس بات پر نہیں ہے کہ یہ 2 کامیاب اداکارائیں ایک ساتھ اس شو میں نظر آئیں گی، بلکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں اداکاراؤں کا نام ایک ہی ہیرو یعنی رنبیر کپور کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، اس وجہ سے ان کی ایک ساتھ پروگرام میں شمولیت لوگوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔

اگرچہ ان سے قبل بھی اس پروگرام میں دپیکا پڈوکون، سونم کپور اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ بھی کافی ود کرن کا حصہ بن چکی ہیں اور عالیہ بھٹ بھی پرینیتی چوپڑا کے ساتھ اس شو میں شامل ہوچکی ہیں، تاہم اب پہلی بار عالیہ اور دپیکا ایک ساتھ شامل ہوں گی۔

کافی ود کرن شو کے میزبان کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئیٹ میں کہ سیزن 6 کی پہلی قسط میں دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

اس سے قبل رپورٹس تھیں کہ دپیکا پڈوکون اس شو پر رنویر سنگھ کے ساتھ شامل ہوں گی، جہاں یہ دونوں اپنی جلد ہونے والی شادی کا اعلان کریں گے۔

تاہم اب عالیہ اور دپیکا اس سیزن کا آغاز کریں گی۔

یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2007 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس وقت رنبیر کپور بھی اپنی پہلی فلم میں جلوہ گر ہوئے تھے۔

اپنی ڈیبیو فلمز کے بعد ان دونوں کے افیئر کی خبریں میڈیا میں گردش کررہی تھیں جس کے بعد ان دونوں اداکاروں نے اپنے رشتے کو قبول بھی کیا۔

تاہم 2009 میں رنبیر کپور کی فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کی شوٹنگ کے دوران ان دونوں کا بریک اپ ہوا، جس کی وجہ کترینہ کیف بنیں۔

رنبیر کپور نے خود کئی مرتبہ اپنے انٹرویوز میں اس بات کو قبول کیا کہ انہوں نے دپیکا پڈوکون کو دھوکہ دیا تھا۔

بعدازاں 2016 میں رنبیر اور کترینہ کا بھی بریک اپ ہوگیا، جس کی وجہ یہ تھی کہ کترینہ کیف کو رنبیر کپور کی دپیکا پڈوکون سے دوستی ناپسند تھی۔

جبکہ اب رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے رشتے کی خبریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔

ان دونوں نے اپنے انٹرویوز میں قبول بھی کیا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور جلد شادی کا ارادہ کررہے ہیں۔

دوسری دپیکا پڈوکون جلد رنویر سنگھ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں