سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے اسٹاک مارکیٹ گر رہی ہے اور ڈالر بڑھ رہا ہے، سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

واضح رہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے گر رہی ہے جبکہ معاشی عدم استحکام کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 'یہ ملک پہلے ہی بیٹھ چکا ہے، ایسا ہوتا رہا تو اور بیٹھ جائے گا۔'

انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے در گزر سے کام لینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کرکے اچھی روایت قائم کی، مشرف دور کے کالے قوانین کو ختم ہونا چاہیے۔'

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے دیانت اور جانفشانی کے ساتھ ذمہ داریاں نبھائیں، انہوں نے صبح دیکھی نہ شام، پنجاب کے ہر علاقے کے لیے یکساں کام کیے، جبکہ شہباز شریف نے جس کمٹمنٹ کے ساتھ کام کیا اس کے گواہ پنجاب کے عوام ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘شہباز شریف کی گرفتاری پہلا قدم ہے، مزید بڑی گرفتاریاں ہوں گی’

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنی دیانتداری پر کسی کو انگلی نہیں اٹھانے دی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی ان کے کام کی تعریف کی، شہباز شریف کے خلاف معاملہ اٹھا تھا جس پر چین کی حکومت نے وضاحت جاری کی، چین کی وضاحت سے تنقید کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور میٹرو کا اس کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا جسے لاہور میٹرو کا ٹھیکہ نہیں دیا گیا، اگر اسے احتساب کہتے ہیں تو اس پر افسوس ہے

انہوں نے کہا کہ نیب نے اب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو بھی طلب کیا ہے، اس سے بڑا مذاق اور کیا ہو گا۔

یاد رہے کہ 5 اکتوبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا۔

اگلے روز احتساب عدالت نے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

نواز شریف سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے؟

نواز شریف نے کہا کہ 'یہ انتقام کے علاوہ اور کیا ہے؟ وزیر اعظم اور وزرا کے منہ سے خود باتیں نکل رہی ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام سے کوئی بھی پاکستانی نہیں بچ سکتا، چاہے کوئی غریب ہو یا امیر، کوئی بھی مکمل آمدن ظاہر نہیں کرتا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Oct 09, 2018 02:28pm
Inteqaam nahin laikin insaaf lazmee laikin sab keh saath.......