الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئی ووٹنگ کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹوں کو حتمی نتائج کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان ندیم قاسمی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ریٹرننگ آفیسرز انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے ووٹوں کو حتمی نتائج میں شامل کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن نے انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے تمام ووٹوں کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو بھجوا دی ہیں‘۔

مزید پڑھیں: 'بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹوں کو نتائج میں شامل کرنے کا فیصلہ کل ہوگا'

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے دستاویزات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں نے قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے ووٹ کاسٹ کیے۔

ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی تمام 11 نشستوں کے لیے 6 ہزار 130 تارکین وطن پاکستانیوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ رجسٹرڈ کرائے تھے جس میں سے 5 ہزار 117 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

دوسری جانب صوبائی اسمبلی کی صرف 9 نشستوں پر 570 سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ رجسٹر کرائے تھے جس میں سے 460 افراد نے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی کو استعمال کیا تھا۔

جن صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ووٹ کاسٹ کیے گئے ان میں بلوچستان اسمبلی کی ایک اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9 نشستیں شامل ہیں۔

پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی کی نشتوں پر تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے ای سی پی میں کوئی ووٹر سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات: مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 4،4 نشستوں پر کامیاب

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔

انتخابات کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ(ن) قومی اسمبلی کی 4، 4 نشستوں پر، مسلم لیگ (ق) 2 اور متحدہ مجلس عمل ایک نشست پر کامیاب ہوئی۔

صوبائی اسمبلیوں کی بات کی جائے تو پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ(ن) 6، پی ٹی آئی 5 اور 2 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف نے 9 میں سے 6 نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے 2 اور مسلم لیگ (ن) نے ایک نشست حاصل کی۔

سندھ اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والا ضمنی انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نام رہا اور دونوں نشتوں پر انہیں کامیابی ملی۔

بلوچستان اسمبلی کی نشستوں کے ضمنی انتخاب کے نتائج کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کو ایک اور آزاد امیدوار کو ایک نشست حاصل ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں