چین کے جنوب مغربی صوبے گوئژو کے شہر زونئی میں گھریلوے مصنوعات سے متعلق ایک کمپنی کے 3 منیجرز کو اس لیے گرفتار کرلیا گیا کہ وہ اپنے ماتحتوں کو ہدف پورا نہ کرنے پر سخت سزائیں دیا کرتے تھے۔

رپورٹ کے مطا بق کمپنی منیجرز اپنے ملازمین کو سیلز کے ہدف کو پورا کرنے میں ناکامی پر لال بیگ کھانے اور اسی طرح کی سخت سزاؤں پر مجبور کرتے تھے۔

میڈیا میں آنے والی اس رپورٹ میں کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم اس طرح کی سزا کا شکار ہونے والے ایک ملازم نے سوشل میڈیا میں انہیں اور ان کے ساتھیوں کو ہدف حاصل کرنے میں ناکامی پر ملنے والی مشکل سزاؤں کی شکایت کی تھی جس کے بعد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ کمرے کے وسط میں کھڑے کمپنی کے ایک ذمہ دار اپنے بیلٹ سے ایک ملازم کو کوڑے مار رہے ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھی کھڑے ان کو دیکھ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سنگل ڈے پر چینی کمپنی علی بابا کا نیا ریکارڈ قائم

اس ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ چند افراد زرد رنگ کی کوئی چیز پی رہے ہیں جس کو مبینہ طور پر یورین کہا گیا تھا تاہم اس ویڈیو کو بعد میں اتار دیا گیا تھا لیکن اسکریٹ شارٹس سوشل میڈیا میں پھیل چکی تھیں۔

پولیس کو بھی اس طرح کی سخت سزاؤں کے حوالے سے خبر دی گئی تھی جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

منیجرز کی جانب سے ملازمین کو کام کے حوالے سے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جاتے تھے جس کو مقامی اخبار زونئی یواوین میں شائع بھی کیا گیا تھا۔

انہوں نے دھمکی آمیز ایک پیغام میں کہا تھا کہ ‘اگر سیلز کا ہدف رواں مہینے کے اختتام تک پورا نہیں ہوا تو ٹیم کے سربراہ کو ہر سیل میں ناکامی پر تین لال بیگ کھانے ہوں گے’۔

دیگر پیغامات میں گلیوں میں جاکر خلاف منشا اشیا کی فروخت پر مجبور کرنے اور گندے پانی پینے جیسی سخت سزائیں دینے کی تنبیہ کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:چینی کمپنی نے سام سنگ اور ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا

سوشل میڈیا صارفین نے ان انکشافات کے بعد غصے کا اظہا کیا تھا جبکہ چند صارفین کا موقف تھا کہ یہ ملازمین استعفیٰ دے کر دوسری جگہ روزگا کیوں نہیں ڈھونڈتے ہیں۔

تاہم مذکورہ کمپنی کے ایک ملازم کا کہنا تھا کہ کئی ملازمین کی دو مہینے کی تنخواہیں بھی واجب الادا ہیں اس لیے انتظامیہ انہیں ملازمت چھوڑنے کی صورت میں اس میں کٹوتی کی دھمکی دیتی ہے۔

زونئی پولیس کی جانب سے اپنی ویب سائٹ میں جاری بیان کے مطابق دو منیجروں کو 10 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا جبکہ تیسرا منیجر 5 روز کے لیے جیل جائے گا۔

خیال ہے کہ چین میں ظالمانہ سزا کے حوالے یہ خبریں پہلی مرتبہ سامنے نہیں آئیں بلکہ چند برس قبل ایک اورکمپنی نے اپنے ملازم کو سیل کے ہدف کو پورا کرنے میں ناکامی پر سرعام گھٹنوں کے بل رینگنے کی سزا دی گئی تھی اور یہ تصاویر وائرل ہوگئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں