بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں دُلہے نے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بھی شادی کا لڈو کھا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق نئی دہلی میں شادی کے روز دھوم دھام سے بارات گزر رہی تھی کہ ایک سڑک پر نامعلوم افراد باراتیوں سے سڑک بلاک کرنے پر لڑ پڑے۔

پولیس نے کہا کہ دو افراد نے 25 سالہ دُلہے کو گھوڑے سے گرایا اور فرار ہونے سے قبل فائرنگ کی۔

نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک گولی دلہے کے کندھے پر لگی جس پر اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے خون تو روک دیا لیکن گولی کو سرجری کے بغیر نکالنا ممکن نہ تھا۔

لہٰذا ہنگامی بنیاد پر دلہے کی سرجری کی گئی جس کے محض تین گھنٹے بعد ہی پٹی بندھا دلہا اپنی دلہن کے پاس پہنچ گیا اور شادی کی رسومات ادا کی۔

نئی دہلی کے ڈپٹی کمشنر پولیس وِجے کمار نے بتایا کہ گولی دلہے کے کندھے کی ہڈیوں کے درمیان پھنس گئی تھی۔

پولیس نے فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے اصل محرکات ابھی سامنے نہیں لیکن معاملہ یکطرفہ نہیں لگتا۔

تبصرے (0) بند ہیں