بھارت: 17 سالہ لڑکے سے شادی پر خاتون گرفتار

01 دسمبر 2018
—فوٹو:بشکریہ انڈیا ٹائمز
—فوٹو:بشکریہ انڈیا ٹائمز

بھارت کے مشہور شہرممبئی میں پولیس نے 20 سالہ خاتون کو ایک 17 سالہ لڑکے سے شادی پر گرفتار کرلیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق خاتون اپنے 17 سالہ شوہر اور 5 ماہ کی بچی کے ساتھ گزشتہ ایک روز سے پولیس کی قید میں ہے۔

رپورٹ کے مطابق انہیں لڑکے کی ماں کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کرانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان پر بچوں سے زیادتی کا قانون لاگو کیا گیا ہے۔

گرفتارخاتون کا کہنا تھا کہ ان کے تعلقات رضامندی سے قائم تھے اور ان کے شوہر کے نابالغ ہونے کو بھی مسترد کردیا۔

پولیس نے ان کے خلاف بچوں کی شادی کے حوالے سے موجود قانون کی شق بھی لاگو کردی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹر گیتا پانڈے کا کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد کیس ہے جہاں ایک خاتون کو نابالغ سے شادی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم نابالغ لڑکے کی مرضی سے جنسی تعلقات قائم کرنے کے مقدمات درج ہوتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:95 سالہ شخص کی 81 سالہ خاتون سے شادی

بھارتی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق گرفتار جوڑے کی شادی 8 نومبر 2017 کو ہوئی تھی جس کے بعد لڑکے کی والدہ نے پولیس میں شکایت درج کرادی تھی۔

ممبئی پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکے کی والدہ نے گزشتہ برس دسمبر میں خاتون پر ان کے بیٹے کو اغوا کرنے اور جبری شادی کرنے کے الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرا دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مکمل انکوائری کے بعد انہیں گرفتار کیا ہے اور قانون مشورہ بھی لے رہے ہیں کیونکہ ملزم ایک خاتون ہیں۔

شکایت میں لڑکے کی والدہ نے کہا ہے کہ ان کا بیٹا اس خاتون سے 2 سال سے رابطے میں تھا اور مذکورہ خاتون نے نہیں ملنے کی صورت میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار خاتون نے اپنے وکیل خالد اعظمی کے توسط سے ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے اور ان کے تعلقات باہمی رضامندی سے قائم ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑکے کی 2 بہنیں ہیں جن کی عمریں 20 اور 18 سال ہے جبکہ ان کی والدہ کا دعویٰ ہے کہ ان کے بیٹے کی عمر 17 سال 8 ماہ ہے جو ممکن نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں