بغداد: عراق کے سابق وزیراعظم حیدر العابدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر اعلانیہ دورے کو سفارتی آداب کے منافی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر اپنی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کے ہمراہ واشنگٹن سے غیر اعلانیہ دورے پر عراق پہنچے اور 15سال سے عراق میں موجود امریکی فوجیوں سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شام سے فوج کے انخلا پر ٹرمپ سے اختلاف، نائب وزیر خارجہ مستعفی

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا بحیثیت صدر یہ کسی جنگ زدہ ملک کا پہلا دورہ تھا۔

وہ ایک ایسے موقع پر عراق پہنچے جب امریکا میں مالی بحران بدترین ہوتا جا رہا ہے اور کئی دنوں سے معاشی شٹ ڈاؤن چل رہا ہے۔

سابق عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق میں امریکی فوجی اڈے کا دورہ کیا اور ’خودمختار ریاست کے ساتھ تعلقات اور سفارتی آداب کو قطعی نظر انداز کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عراق اور اس کی خودمختاری کے ساتھ ایسا رویہ دونوں ممالک کے تعلقات میں خلا پیدا کر سکتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کا افغانستان سے فوج واپس بلانے کا فیصلہ، پینٹاگون نے مخالفت کردی

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے عراقی دورے کے دوران حکام سے ملاقات بھی نہیں کی۔

عراقی اتھارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے مابین ’ملاقات‘ کے طریقہ کار پر تحفظات ہونے کی وجہ سے براہ راست کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’دونوں ممالک کے رہنماؤں نے فون پر بات کی‘۔

دوسری جانب عراقی میڈیا کے مطابق ’افواہیں گردش میں ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عراقی وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی جسے عادل عبدالمہدی نے رد کردیا‘۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے اپنے ہمراہ سفر کرنے والے صحافیوں کو بتایا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا، داعش پر اتنی تیزی اور جارحانہ انداز میں حملہ کرے گا کہ انہیں پتہ بھی نہیں چلے گا کہ ان کے ساتھ ہوا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عراق سے امریکی فوج کے انخلا کا کوئی ارادہ نہیں، ٹرمپ

شام سے امریکی فوج واپس بلانے کے فیصلے نے امریکی سیکیورٹی مشیروں کے ساتھ ساتھ عراق سمیت اتحادیوں کو بھی دنگ کردیا تھا اور اس کے بعد سیکریٹری دفاع جم میٹس نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یاد رہے کہ آئندہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بحیثیت امریکی صدر مدت کو دو سال مکمل ہو جائیں گے اور انہیں اس عرصے میں جنگ زدہ علاقوں میں موجود امریکی فوجیوں سے جا کر نہ ملنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں