ٹنڈولکر نے 2019ورلڈ کپ کے فیورٹ کا نام بتا دیا

اپ ڈیٹ 05 فروری 2019
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے رکن تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے رکن تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا ہے۔

ورلڈ کپ رواں سال انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جہاں عالمی نمبر ایک انگلینڈ کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ 2015 کے کوارٹر فائنل میں بھی جگہ نہیں بنا سکی تھی لیکن اس کے بعد سے ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے اب تک 54 میں سے 41 ون ڈے میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 تک کپتان بنانے کا اعلان

تاہم ٹنڈولکر کا ماننا ہے کہ ویرات کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم ٹائٹل کی سب سے مضبوط امیدوار ہے اور انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ ہم ٹائٹل کے لیے فیورٹ ہیں۔

1983 اور 2011 میں عالمی چیمپیئن بننے والی بھارتی ٹیم گزشتہ چند سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے اور ماہرین انگلینڈ کے ساتھ ساتھ اسے بھی ٹائٹل کے لیے اہم امیدوار قرار دے رہے ہیں۔

ٹنڈولکر نے کہا کہ ہم چاہے دنیا کے کسی بھی خطے میں اور کسی بھی پچ پر کیوں نہ کھیل رہے ہوں، ہماری ٹیم ہر لحاظ سے انتہائی متوازن ہے۔

تاہم عالمی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کا سب سے بڑا حریف میزبان انگلینڈ ہو گا جبکہ انہوں نے بھارت کے خلاف سیریز 1-4 سے ہارنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو تیسرا فیورٹ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: 2019ء کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ چلنے کا موڈ ہے؟

عظیم بلے باز نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت کے خلاف سیریز میں جدوجہد کرتی نظر آئی لیکن اس بات سے قطع نظر ان کی ٹیم بہت اچھی ہے اور ان کے خلاف کھیلتے ہوئے تمام ٹیموں کو اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر دفاعی چیمپیئن آسٹریلین ٹیم میں اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوتی ہے تو ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم بھی بہت اچھی ہو گی۔

ٹنڈولکر نے کہا کہ اگر آسٹریلین ٹیم اپنی بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں اترے تو ان کی ٹیم اچھی ہے، اسمتھ، وارنر اور دیگر باؤلرز کی واپسی کے بعد ان کا ون ڈے اسکواڈ ورلڈ کپ میں تمام ٹیموں کے لیے چیلنج ثابت ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Feb 06, 2019 01:24pm
Hamari favourite toe Paskitan team hai,,,,