سام سنگ نے گلیکسی اے سیریز کے 2 نئے فونز متعارف کرادیئے

25 فروری 2019
گلیکسی اے 30 اور اے 50 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی اے 30 اور اے 50 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے گزشتہ ہفتے اپنا پہلا فولڈ ایبل گلیکسی فولڈ اور فلیگ شپ گلیکسی ایس 10 سیریز کے 4 فونز متعارف کرائے تھے اور اب اس کمپنی نے مزید 2 ڈیوائسز پیش کردی ہیں۔

بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران سام سنگ کی جانب سے گلیکسی اے سیریز کے 2 نئے فونز متعارف کرائے گئے۔

گلیکسی اے 30 اور اے 50 اسمارٹ فونز دونوں 6.4 انچ کے سپر امولیڈ انفٹنی یو ڈسپلے سے لیس ہیں۔

دونوں میں فرق کیمرے سے شروع ہوتا ہے۔

اے 50 میں فرنٹ پر 25 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جبکہ بیک پر 25، 5 اور 8 میگا پکسل پر مشتمل تین کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

اس کے مقابلے میں اے 30 میں فرنٹ پر 16 میگا پکسل جبکہ بیک پر 16 اور 5 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

اے 50 میں 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز موجود ہیں جبکہ اے 30 تھری سے 4 جی بی اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، دونوں کی اسٹوریج ایس ڈی کارڈ سے بڑھائی جاسکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق اے 50 چار رنگوں میں دستیاب ہوگا اور اس میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر دیا گیا ہے اور اس طرح یہ ایس 10 جیسے فیچر سے لیس ہے۔

اسی طرح کواڈ کور پراسیسر اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری بھی اس فون کا حصہ ہے جس کے ساتھ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

اے 30 میں ڈوئل 1.8 گیگاہرٹز پراسیسر اور 4000 ایم اے ایچ بیٹری فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے، تاہم اس میں فنگرپرنٹ سنسر فون کے بیک پر موجود ہے۔

سام سنگ کی جانب سے دونوں فونز کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا گیا مگر یہ ایس 10 سیریز کے مقابلے میں کافی سستے ہوں گے جبکہ انہیں مارچ میں صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں