رونالڈو پر حریف ٹیم کے کوچ کی نقل پر قواعد کی خلاف ورزی کا الزام

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2019
رونالڈو کے حوالے سے فیصلہ 21 مارچ کو کیا جائے گا—فوٹو: اے ایف پی
رونالڈو کے حوالے سے فیصلہ 21 مارچ کو کیا جائے گا—فوٹو: اے ایف پی

یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے چمپیئنز لیگ کے ایک اہم میچ میں اٹلی کے کلب یوونٹس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کے بعد جشن مناتے ہوئے مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق یوئیفا کا کہنا تھا کہ رونالڈو کو گزشتہ ہفتے یوونٹس کے لیے 3 گول کرنے کے بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سمیون کی نقل اتارنے پر قواعد کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا ہے۔

رونالڈو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے تماشائیوں کی جانب رخ کرکے ان کے کوچ سیمیون کی نقل اتاری، سمیون نے اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں 0-2 سے کامیابی کے بعد نامناسب انداز میں جش منایا تھا جس کے بعد ان پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:رونالڈو کی میڈرڈ سے 9سالہ رفاقت کا خاتمہ، یوونٹس ٹرانسفر

یوئیفا کی جانب سے رونالڈو کے جشن پر فیصلہ 21 مارچ کو سنایا جائے گا۔

اطالوی کلب نے رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث چمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے جہاں اس کا مقابلہ ڈچ کلب اجاکس سے 10 اپریل کو ایمسٹرڈیم اور 16 اپریل کو تورن میں ہوگا۔

خیال رہے کہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ سمیون پر 20 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

یوونٹس کے کوچ میسی میلیانو الیگری کا کہنا تھا کہ وہ مطمئن ہیں کہ رونالڈو پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا اور نہ ہی معطل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال میں میدان میں اور اسٹینڈز میں ہر کوئی اپنے انداز میں جشن مناتا ہے'۔

اطالوی کلب کے کوچ نے کہا کہ 'میں نے جشن کے علاوہ کوئی عجیب بات نہیں دیکھی اور کوئی معطلی نہیں ہوگی'۔

چمپیئنز لیگ کے 5 مرتبہ کے فاتح رونالڈو یورپین چمپیئنز لیگ میں 160 میچ کھیل کر ریکارڈ 124 گول کر چکے ہیں اور گزشتہ برس جولائی میں اسپین کے مشہور کلب ریال میڈرڈ سے طویل رفاقت ختم کرتے ہوئے اٹلی کے کلب یوونٹس ٹرانفسر ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں