’ ٹیم میچ میں فوجی کیپ پہن سکتی ہے‘

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2019
امید ہے پاکستان فائنل ضرور کھیلے گا، سرفراز احمد — فوٹو: اے پی /فائل
امید ہے پاکستان فائنل ضرور کھیلے گا، سرفراز احمد — فوٹو: اے پی /فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے فوجی کیپ پہننے کی حمایت کردی۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں بھارتی ٹیم کی جانب سے میچ میں فوجی کیپ پہننے سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ 'ٹیم میچ میں آرمی کیپ پہن سکتی ہے۔'

خیال رہے کہ 8 مارچ کو رانچی میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلنے والے سیریز کے تیسرے ون ڈے کے آغاز سے قبل سابق کپتان اور بھارتی فوج کے اعزازی لیفٹننٹ کرنل مہیندرا سنگھ دھونی نے ٹیم کے کھلاڑیوں میں فوجی کیپ تقسیم کی تھی جس پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا لوگو بھی بنا ہوا تھا۔

بھارتی کرکٹ اس میچ میں 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں حملے میں ہلاک ہونے والے پیرا ملٹری فورس کے اہلکاروں اور مسلح افواج کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے کیموفلاج کیپ پہن کر میدان میں اتری تھی۔

مزید پڑھیں: فوجی ٹوپی پہننے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 32 رنز سے شکست

بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ ‘یہ کرکٹ نہیں ہے، میں امید کرتا ہوں کہ جینٹل مینز گیم کو سیاست کی نذر کرنے پر آئی سی سی کارروائی کرے گی’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘اگر بھارتی کرکٹ ٹیم کو نہیں روکا گیا تو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے دنیا کو باور کرانے کے لیے سیاہ پٹیاں پہن لینی چاہیے’۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیتے ہوئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں پی سی بی پر زور دیتا ہوں کہ وہ باقاعدہ احتجاج کرے’۔

سرفراز احمد نے ورلڈ کپ 2019 کے اسکواڈ سے متعلق کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ورلڈکپ 2019 کے لیے انتخاب اِن فارم کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر کپتان کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے ورلڈ کپ جیتے اور میرا بھی یہی خواب ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ 2019 کا فائنل ضرور کھیلے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ابھر کر سامنے آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے لیے بہترین کارکردگی دکھاتی آئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہو جانے کی صورت میں اس کا متبادل موجود ہو گا۔

کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسن علی نے پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی، پی سی بی کا اظہار مایوسی

سرفراز احمد نے کہا کہ امید ہے امام الحق اور فخر زمان ورلڈ کپ میں اوپنر کے طور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر اچھے فاسٹ باؤلر ہیں لیکن گزشتہ کچھ سیریز میں وہ وکٹیں حاصل نہیں کر سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد حسنین بھی اچھے فاسٹ باؤلر ہیں، لیکن انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ محمد حسنین کو اسپیڈ کی بجائے اپنی لائن اور لینتھ کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شعیب ملک سینئر ترین کھلاڑی ہیں، ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔

قومی کرکٹ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ایک لیگ اسپنر اور ایک آف اسپنر کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

salman Apr 09, 2019 08:45am
If an army cap is allowed, than any other cap would be allowed as well. Then what happens to the uniform ?
Talha Apr 09, 2019 12:32pm
Sarfraz Bhai....WC mein jo bhiee match Team ka aakhriee howa..IM ko follow kartey howay khud hiee apni izzat ka dheyaan rakhna............ Meharbaniee