’پی ایم نریندر مودی‘بھارتی انتخابات کے بعد ریلیز ہوگی

وویک اوبرائے وزیراعظم نریندر مودی کے روپ میں دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ
وویک اوبرائے وزیراعظم نریندر مودی کے روپ میں دکھائی دیں گے—اسکرین شاٹ

یوں تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کو بھارتی انتخابات سے کچھ دن قبل 5 اپریل کو ریلیز کیا جانا تھا۔

تاہم حریف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد بھارتی الیکشن کمیشن کے حکم کے بعد فلم کی نمائش ملتوی کردی گئی تھی۔

لیکن اب فلم کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ ’پی ایم نریندر مودی‘ کو بھارتی انتخابات ختم ہونے اور انتخابی نتائج کی گنتی کے ایک دن بعد ریلیز کیا جائے گا۔

بھارت میں 17 ویں لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے انتخابات گزشتہ ماہ 11 اپریل سے شروع ہوئے تھے جو رواں ماہ 19 مئی تک جاری رہیں گے۔

ووٹوں کی گنتی رواں ماہ 23 مئی کو ہوگی اور نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو 24 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کا ٹریلر مارچ میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کا ٹریلر مارچ میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

’دی ہندو‘ کے مطابق فلم کی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’پی ایم نریندر مودی‘ کو 24 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کے پروڈیوسر سندیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور ملکی قوانین کا احترام کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو عوام تک پہنچایا جائے۔

فلم پروڈیوسر نے امید ظاہر کی کہ فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی اور اچھی کمائی کرے گی۔

ہدایت کار اومنگ کمار کی اس فلم میں نریندر مودی کا کردار وویک اوبرائے نے ادا کیا ہے جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں بومن ایرانی، منوج جوشی، زرینا وہاب اور برکھا سنگپتا سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

فلم کی ٹیم پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کی ٹیم پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

پی ایم مودی کا ٹریلر گزشتہ ماہ مارچ میں ریلیز کیا گیا تھا جس پر کئی لوگوں نے اعتراضات کیے گئے تھے اور فلم کی ٹیم پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔

ٹریلر دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ فلم میں کئی بڑے اور ہولناک حقائق کو غلط انداز میں پیش کرکے نریندر مودی کو ایک صاف اور سچا سیاستدان دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم کے ٹریلر کے آغاز میں نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو ٹکڑے کرنے اور وہاں ظلم و زیادتی سے متعلق ان کے عزائم کو دکھایا گیا ہے۔

ساتھ ہی ٹریلر میں نریندر مودی کی جانب ریاست گجرات میں کیے جانے والے مسلمانوں کے قتل عام کو بھی غلط انداز میں پیش کیے جانے عندیہ ملتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں