صنم بلوچ کا رمضان نشریات میں پروگرام نہ کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 04 مئ 2019
ماضی میں صنم بلوچ رمضان نشریات میں پروگرامات کرتی رہی ہیں—اسکرین شاٹ
ماضی میں صنم بلوچ رمضان نشریات میں پروگرامات کرتی رہی ہیں—اسکرین شاٹ

اداکارہ و میزبان صنم بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال رمضان المبارک میں کسی بھی ٹی وی چینل کی نشریات کا حصہ نہیں بنیں گی۔

صنم بلوچ کے مطابق وہ اس بار رمضان المبارک میں کوئی شو نہیں کر رہی۔

اس سے قبل صنم بلوچ مختلف ٹی وی چینلز پر رمضان نشریات میں سحر و افطار کے پروگرامات کر چکی ہیں، علاوہ ازیں وہ مارننگ شوز کرتی رہی ہیں۔

صنم بلوچ نے انسٹاگرام پر مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ رواں برس رمضان نشریات کے دوران کوئی شو نہیں کر رہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے مارننگ شو کرنے کے بعد رواں برس آرام کرنے کو ترجیح دی، اس لیے وہ اس بار رمضان نشریات میں نظر نہیں آئیں گی۔

ساتھ ہی صنم بلوچ نے بتایا کہ کچھ چینلز اور ایجنسیاں ان کے حوالے سے جھوٹے دعوے کر رہی ہیں کہ کہ وہ رمضان نشریات میں شو کرتی دکھائی دیں گی۔

میزبان و اداکارہ نے ان دعووں کو جھوٹا قرار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی بات ہوتی اور وہ کوئی رمضان شو کر رہی ہوتیں تو اس حوالے سے سب سے پہلے وہ خود مداحوں کو مطلع کرتیں۔

ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ اس بار رمضان نشریات میں کوئی شو نہیں کرتی دکھائی دیں گی، تاہم ان کے مداح ہم ٹی وی پر نشر ہونے والا ان کا ڈرامہ ’خاص‘ دیکھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے تقریبا تمام ٹی وی چینلز رمضان نشریات کے دوران سحر و وافطار کے اوقات میں مختلف پروگرامات نشر کرتے ہیں۔

رواں برس بھی مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے رمضان نشریات کے تحت پروگرامات نشر کیے جائیں گے۔

رمضان نشریات میں نشر کیے جانے والے پروگرامات کی میزبانی شو شخصیات کو دینے کے حوالے سے 2 دن قبل ہی پنجاب اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی تھی۔

پنجاب اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی قراداد میں رمضان نشریات کے پروگراموں کی میزبانی شوبز شخصیات کو دینے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی (پیمرا) کو اس بات کا پابند بنائے کہ رمضان نشریات کے کسی پروگرام کی میزبانی شوبز شخصیات کو نہ دی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں