بلوچستان: مستقل غیر حاضری پر 2 ہزار سے زائد اساتذہ معطل

13 مئ 2019
معطل کیے گئے اساتذہ کا تعلق کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، پشین، قلعہ عبداللہ اور صوبے کے دیگر اضلاع سے ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
معطل کیے گئے اساتذہ کا تعلق کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، پشین، قلعہ عبداللہ اور صوبے کے دیگر اضلاع سے ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

بلوچستان کے سیکریٹری تعلیم طیب لہری کا کہنا ہے کہ ان کے محکمے نے گزشتہ ہفتے 2 ہزار سے زائد اساتذہ کو مستقل غیر حاضری کے باعث معطل کر دیا۔

معطل کیے گئے اساتذہ کا تعلق کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، پشین، قلعہ عبداللہ اور صوبے کے دیگر اضلاع سے ہے۔

طیب لہری نے ڈان نیوز کو بتایا کہ 'ہم نے غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے کے لیے مستقل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ معطل کیے گئے اساتذہ کی اسکولوں میں حاضری کو یقینی بنانے کے لیے انہیں کئی بار اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں 1800 اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

تاہم وہ اپنی حاضری یقینی بنانے میں ناکام رہے جس کے باعث 200 سے زائد اساتذہ کو پشین، 81 کو ڈیرہ بگٹی اور باقی کو صوبے کے دیگر اضلاع سے معطل کیا گیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں پرائمری اور سیکنڈری سطح کے سرکاری اساتذہ کی تعداد 70 ہزار سے زائد ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے گھوسٹ اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا یہ پہلا موقع ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سرکاری اسکولوں کے اساتذہ ریاضی میں ’فیل‘

طیب لہری کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود ہم نے ایسے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں