چین نے 392 کلومیٹر طویل شاہراہ کی ’بڑی افتتاحی تقریب‘ کا مطالبہ کردیا

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2019
2 ارب 90 کروڑ ڈالر کی لاگت سے سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
2 ارب 90 کروڑ ڈالر کی لاگت سے سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: چین نے ملتان سے سکھر جانے والی 3 سو 92 کلومیٹر طویل اور کئی ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی شاہراہ کے ’بڑے افتتاح‘ کا مطالبہ کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعمیر ہونے والے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیاد پر دور کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ کراچی سے پشاور جانے والی 8 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ریلوے لائن (ایم ایل ون) کا منصوبہ سی پیک کی جوائنٹ کوآرڈنیشن کمیٹی (جے سی سی) کے نومبر میں ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قوانین پر نظر ثانی

انہوں نے ایم ایل ون کی لاگت پر نظر ثانی کرنے والی کمیٹی کو تجویز دی کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں اپنی کارروائی تیز کریں۔

ذرائع کے مطابق وزیر ریلوے نے وزیر اعظم سے شکایت کی تھی کہ حکومتی عہدیداران ایم ایل ون کی لاگت پر بات چیت کرنے سے اس لیے گریز کررہے ہیں کہ کہیں مستقبل میں احتسابی کارروائی نہ ہوجائے، جس کے بعد مذکورہ منصوبے کی لاگت پر نظرِ ثانی کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔

بعدازاں منصوبے پر چینی قرضوں کی لاگت کا اندازہ 8 ارب 20 کروڑ ڈالر ہونے کے باعث حکام نے اسے 3 مرحلوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جس میں پہلے فیز کی متوقع لاگت 3 ارب ڈالر رکھی گئی تھی تاکہ غیر ملکی قرضے کم سے کم رہیں جبکہ اس مرحلے میں 183 کلومیٹر، 120 کلومیٹر، 132 کلومیٹر اور 118 کلومیٹر کے 4 سیکشن ہیں جن کی تکیمل کی مدت کا ہدف 3 سال ہے۔

مزید پڑھیں: سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے اتھارٹی کے قیام کا اعلان

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی اور مواصلاتی وزارتیں آئندہ ہفتے سکھر ملتان موٹروے کے ’چھوٹے پیمانے پر افتتاح‘ کا ارادہ رکھتی تھی۔

تاہم چینی حکام نے افتتاح کے حوالے سے ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں اس بات پر اصرار کیا کہ چونکہ 2 ارب 90 کروڑ ڈالر کی لاگت سے سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے لہٰذا اس کے لیے ایک بڑی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے۔

تبصرے (1) بند ہیں

honorable Sep 28, 2019 11:29am
good demand