اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری

18 نومبر 2019
کاروبار کے دوران حصص کے حجم میں بھی اضافہ دیکھا گیا — فوٹو: پی ایس ایکس
کاروبار کے دوران حصص کے حجم میں بھی اضافہ دیکھا گیا — فوٹو: پی ایس ایکس

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی تیزی دیکھی گئی اور بینچ مارک 'کے ایس ای 100' انڈیکس 827 پوائنٹس اضافے کے بعد 38 ہزار 411 کی سطح پر بند ہوا۔

کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 38 ہزار 453 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح کاروبار کے آغاز کی 37 ہزار 584 پوائنٹس رہی۔

کاروبار کے دوران حصص کے حجم میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور 12 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کے 26 کروڑ 88 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے۔

جے ایس گلوبل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 'ملکی اور بین الاقوامی سیاست میں ملے جلے رجحان کے باوجود آل شیئرز انڈیکس میں حصص کا حجم 46 کروڑ 60 لاکھ رہا جبکہ شیئرز کی اوسط مالیت 15 ارب 50 کروڑ روپے رہی۔'

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق 'توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کم کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 250 ارب روپے کے نئی خودمختار ضمانتیں جاری کرنے کی منظوری کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور بجلی پیدا کرنے والے آزاد اداروں (آئی پی پیز) کے شعبوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔'

مزید پڑھیں: پاور سیکٹر کے ایک کھرب 67 ارب روپے کے قرضوں کی ری شیڈولنگ منظور

رپورٹ میں کہا گیا کہ 'سرمایہ کاروں کی طرف سے کاروبار کا حجم 24 مئی 2017 کے بعد سب سے زیادہ 46 کروڑ 60 لاکھ شیئرز رہا جو روزانہ کی بنیاد پر 26 اعشاریہ 3 فیصد زائد ہے۔'

اسی طرح ان شیئرز کی مالیت بھی 30 نومبر 2018 کے بعد سب سے زیادہ 15 ارب 51 کروڑ روپے رہی۔

سب سے زیادہ کاروبار بینک آف پنجاب (بی او پی) کے 3 کروڑ 80 شیئرز کا ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں