بلوچستان: قلات میں 4.7 شدت کا زلزلہ

31 اگست 2022
پی ایم ڈی کے مطابق قلات میں شام کو 5:34 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے—فوٹو: یو ایس جی ایس
پی ایم ڈی کے مطابق قلات میں شام کو 5:34 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے—فوٹو: یو ایس جی ایس

بلوچستان کے علاقے قلات میں 4.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق قلات میں 4.7 شدت کا زلزلہ آیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں 3.8 شدت کا زلزلہ

پی ایم ڈی کے نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کا کہنا تھا کہ قلات سے 15 کلومیٹر جنوب مشرق میں شام کو 5:37 بجے زلزلہ آیا، جس کی گہرائی 34 کلومیٹر تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ زلزلے کے جھٹکے قلات اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

قلات میں آنے والے زلزلے سے تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔

دوسری جانب امریکی جیوجیکل سروے نے قلات میں زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلہ قلات سے 22.2 کلومیٹر مشرق میں آیا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب صوبے سمیت ملک بھر میں مون سون کی بارشوں سے سیلاب سے تباہی پھیلی ہوئی ہے۔

سیلاب کی تباہی سے پاکستان میں ہزاروں سڑکیں، مکانات، بجلی کے کھمبے اور پل بری طرح تباہی کا شکار ہوگئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر منجیمنٹ اتھارٹی کے مطابق بلوچستان میں بارش اور سیلاب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد جاں بحق ہوئے اور بارشوں کے اس سیزن میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 253 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے تباہ حال بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے

بلوچستان میں اس سے قبل 3 اگست کو بھی لسبیلہ اور دیگر علاقوں میں 3.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

پی ایم ڈی کے نیشنل سیسمک مانیٹرنگ نے بتایا تھا کہ زلزلہ دوپہر 2 بج کر 44 منٹ میں آیا، جس کا مرکز بیلہ کے علاقے سے 103 کلومیٹر شمال مغرب میں اور گہرائی 33 کلومیٹر تھی۔

قبل ازیں 31 جولائی کو بھی بلوچستان کے چند علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ زلزلے کے پہلے جھٹکے کے 10 منٹ بعد دوسرا جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ زلزلے کا مرکزپسنی کے قریب سمندر تھا اور اس کی گہرائی 30 کلومیٹر تھی اور اس زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں