فرانس: پیرس میں ٹرین اسٹیشن پر چاقو بردار کا حملہ، 6 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 11 جنوری 2023
ان کا کہنا تھا کہ مؤثر اور بہادرانہ ردعمل پر پولیس کا شکریہ— فوٹو: اے ایف پی
ان کا کہنا تھا کہ مؤثر اور بہادرانہ ردعمل پر پولیس کا شکریہ— فوٹو: اے ایف پی

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مصروف ترین گار ڈو نورڈ اسٹیشن پر ایک شخص نے چاقو سے حملہ کرکے 6 افراد کو زخمی کر دیا جبکہ پولیس نے اسے گولی مار کر گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گار ڈو نورڈ مصروف ٹرین اسٹیشن ہے، یہاں سے شمالی فرانس، لندن اور شمالی یورپ جانے والی ٹرینیں بھی روانہ ہوتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پولیس اسے دہشت گردی کے حملے کے طور پر نہیں بلکہ اقدام قتل کے طور پر دیکھ رہی ہے، حملہ آور کا مقصد فوری طور پر بھی واضح نہیں ہوسکا۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جن 6 افراد پر حملہ کیا گیا، ان میں سے ایک شدید زخمی ہے جبکہ دیگر 5 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ گیرالڈ ڈرمینین نے جائے وقوع پر رپورٹرز کو بتایا کہ پورا واقعہ 2 منٹ کے اندر ختم ہو گیا تھا۔

گیرالڈ ڈرمینین نے بتایا کہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور نے کس قسم کا ہتھیار استعمال کیا تھا، پولیس نے ابتدائی طور پر اسے بلیڈ والا ہتھیار بتایا ہے، یہ چاقو نہیں بلکہ مہلک ہتھیار تھا۔

اخبار لی پریسین نے بتایا کہ خیال کیا جارہا ہے کہ وہ کوئی نوکیلا اوزار تھا۔

گیرالڈ ڈرمینین نے بتایا کہ پولیس نے متعدد فائر کیے، جس کی وجہ سے حملہ آور کو سینے میں زخم آئے، اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کش مکش میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن پولیس افسران نے مداخلت کی، وہ ڈیوٹی پر نہیں تھے اور سادہ لباس میں تھے، انہوں نے سرکاری ہتھیاروں سے حملہ روکا۔

گیرالڈ ڈرمینین نے بتایا کہ پولیس افسران پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اپنی ڈیوٹی ختم کرکے ٹرین کے ذریعے اپنے گھر جا رہے تھے لیکن ان کے پاس اسلحہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالانکہ وہ ڈیوٹی پر نہیں تھے لیکن انہیں اسلحہ اپنے پاس رکھنے کا اختیار تھا، انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیشن پر تعینات ایک پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوا ہے۔

قبل ازیں، گیرالڈ ڈرمینین نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ایک فرد نے آج صبح کئی لوگوں کو زخمی کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسے فوری طور پر روکا گیا، مؤثر اور بہادرانہ ردعمل پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ٹرین آپریٹر ایس این سی ایف کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسٹیشن پر واقعے کی وجہ سے ٹرینیں تاخیر کا شکار تھیں کیونکہ پولیس نے اسٹیشن کو گھیرے میں لیا گیا لیکن کوئی سروس منسوخ نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ گار ڈو نورڈ اسٹیشن دنیا کے مصروف ترین اسٹیشن میں سے ایک ہے جہاں روزانہ 7 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں، یہاں سے شمالی فرانس، لندن اور شمالی یورپ جانے والی ٹرینیں بھی چلائی جاتی ہیں۔

فرانس میں 2015 سے شدت پسندوں اور دیگر افراد کے حملوں کے بعد سے سخت سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں