آرمی چیف کے دورہ امریکا کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

09 فروری 2023
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر 5 سے 10 فروری تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر 5 سے 10 فروری تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہ امریکا کے حوالے سے زیر گردش قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ آرمی چیف پانچویں پاک۔برطانیہ استحکام کانفرنس کے سلسلے میں 5 سے 10 فروری تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان تعاون کے لیے سال میں دو مرتبہ منعقد کی جاتی ہے اور پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت 2016 سے اس ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اتوار کو برطانیہ پہنچے تھے اور اس وقت ڈان نے رپورٹ کیا تھا کہ آرمی چیف 5 اور 9 فروری کے درمیان دفاعی امور سے متعلق ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ جنرل عاصم منیر، ولٹن پارک میں ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن میں ہیں، یہ ایک ایگزیکٹو ایجنسی ہے جسے یو کے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے حکومتوں کے درمیان آزادانہ مکالمے کو فروغ دینے کے لیے تشکیل دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں