امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون اداکارہ بننے کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

اس سے قبل امریکی ماڈل و اداکارہ کیلی جینر کے پاس یہ اعزاز تھا۔

تاہم گزشتہ روز 38 کروڑ 40 لاکھ فالوورز کے ساتھ سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون اداکارہ کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان بھی کر دیا۔

گلوکارہ سلینا گومز نے ٹک ٹاک کی لائیو ویڈیو پر مداحوں کو بتایا کہ میں سوشل میڈیا سے ایک بار پھر وقفہ لے رہی ہوں، یہ ایک پچگانہ چیز ہے لیکن میں اب 30 برس کی ہوگئی ہوں اور اب اس سب کے لیے میں بہت بڑی ہوچکی ہوں’۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو کہا ’میں آپ سب لوگوں سے بہت پیار کرتی ہوں، آپ لوگوں سےایک بار پھر ملاقات ہوگی، میں ہر چیز سے وقفہ لینے جا رہی ہوں۔‘

سلینا گومز اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرچکی ہیں جس کی وجہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف متنازع اور منفی کمنٹس ہیں جس سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوئیں۔

قبل ازیں انہوں نے امریکی جریدے وینٹی فیئر کو وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے فون سے انسٹاگرام ڈیلیٹ کردیا تھا کیونکہ انہیں یہ پلیٹ بالکل پسند نہیں ہے اور انسٹاگرام پر پوسٹ ان کی ٹیم کی جانب سے پوسٹ کی جاتی تھی۔

انہوں نے جریدے کو بتایا کہ لوگ مجھے بدشکل اور بے وقوف کہہ سکتے تھے یا میں جیسی بھی ہوں، لیکن لوگ بہت تفصیل سے خاص پیراگراف لکھتے جو کہ بہت مخصوص اور معنیٰ خیز ہوتے تھے، میں لگاتار روتی رہتی تھی اور اس وجہ سے میں اینزائٹی کا شکار ہو گئی تھی، یہ میرے لیے وقت کا ضیاع تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹک ٹاک وہ واحد ایپ ہے جو مجھے پسند ہے اور انجوائے کرتی ہوں، لیکن منفی کمنٹس کی وجہ سے میں ڈپریشن میں مبتلا ہوجاتی ہوں۔

مجموعی طورپر انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوررز پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو 55 کروڑ 20 لاکھ فالوورز کے ساتھ پہلے، ارجنٹینا کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی 43 کروڑ 40 لاکھ فالوورز کے ساتھ دوسرے اور امریکی گلوکارہ سلینا گومز 38 کروڑ 40 لاکھ فالوورز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں