پہلے ٹی20 میں نیوزی لینڈ 94رنز پر ڈھیر، پاکستان 88 رنز سے کامیاب

15 اپريل 2023
حارث رؤف کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: پی سی بی
حارث رؤف کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: پی سی بی
صائم ایوب نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے
صائم ایوب نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے

پاکستان نے حارث رؤف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو ٹی20 میچ میں صرف 94 رنز پر ڈھیر کر کے 88رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور دوسرے ہی اوور میں محمد رضوان صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد ایڈم ملنے کی وکٹ بن گئے۔

قومی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اپنا 100ویں ٹی20 میچ کھیلنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی ملنے کا شکار بن گئے۔

30 رنز دو وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے نوجوان صائم ایوب آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت قائم کی۔

صائم ایوب نے ایک مرتبہ پھر عمدہ باری کھیلی اور 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے لیکن وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں وہ نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر میٹ ہنری نے اپنی ٹیم کو یکے بعد دیگرے مزید دو کامیابیاں دلاتے ہوئے شاداب خان اور افتخار احمد کو بھی چلتا کردیا۔

فخر زمان بھی چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی باری کھیلنے کے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

چھ وکٹیں گرنے کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے میدان سنبھالا اور اسکور کو 160 تک پہنچا دیا، وہ 16 اور 22 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

پاکستان کی پوری ٹیم ایک گیند قبل 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے تین جبکہ ایڈم ملنے اور بین لسٹر نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو دوسرے ہی اوور میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور زمان خان کی گیند پر چیڈ بوز ایل بی ڈبلیو ہو کر واپس لوٹ گئے۔

ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے وِل ینگ کو بولڈ کرکے ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جبکہ 29 کے مجموعے پر فہیم اشرف نے ڈیرل مچل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس مرحلے پر کپتان ٹام لیتھم کا ساتھ دینے مارک چیپمین آئے اور دونوں نے اننگز کی سب سے بڑی 27 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن حارث رؤف نے گرین شرٹس کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے کیوی کپتان کی 20 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

مارک چیپمین نے 34 رنز کی باری کھیل کر کچھ مزاحمت کی لیکن شاداب خان نے زمان کی مدد سے انہیں چلتا کر کے نیوزی لینڈ کے ہدف کے تعاقب کو گہری ضرب لگائی۔

اس کے بعد مہمان ٹیم پاکستانی باؤلرز بالخصوص حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے ٹھہر نہ سکی اور پوری ٹیم صرف 94 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی آخری پانچ وکٹیں صرف 19 رنز کے اضافے سے گریں اور پاکستان نے میچ میں 88 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں بھی 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں صرف 18 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرنے پر حارث رؤف کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان۔

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم(کپتان)، چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، جیمز نیشام، رچن رویندرا، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، اش سودھی اور بین لسٹر۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں