شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار اور موسیقار علی سیٹھی نے امریکا میں ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے میوزک فیسٹیول ’کوچیلا ویلی میلے‘ میں اپنے معروف گانے ’پسوڑی‘ پر پرفارمنس کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

’پسوڑی‘ کو علی سیٹھی نے پہلی بار گلوکارہ شائے گل کے ہمراہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں گایا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے عالمی سطح پر مقبول ہوگیا۔

’پسوڑی‘ سال 2022 میں گوگل پر سرچ کیے جانے والا سب سے مقبول گانا تھا جب کہ وہ یوٹیوب پر عالمی گانوں کی فہرست میں بھی کئی ہفتوں تک ٹاپ پر رہا تھا۔

گانے کو پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پسند کیا گیا اور اس پر لوگ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مختصر ویڈیوز بھی بناتے دکھائی دیے۔

اب علی سیٹھی نے اپنے اسی مقبول گانے کو ریاست کیلی فورنیا کے صحرا میں ہر سال گرمیوں میں منعقد ہونے والے میوزک کے سب سے بڑے میلے ’کوچیلا ویلی فیسٹیول‘ میں گاکر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

اگرچہ علی سیٹھی کوچیلا میلے میں پہلے بھی شریک ہو چکے ہیں، تاہم بطور گلوکار و موسیقار انہوں نے پہلی بار میلے میں پرفارمنس کی۔

علی سیٹھی نے بھارتی گلوکارہ راجا کماری کے ہمراہ ’پسوڑی‘ کو پیش کیا، جسے شائقین نے خوب پسند کیا۔

علی سیٹھی نے کوچیلا میں پرفارمنس کی تصاویر اور ویڈیوز کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا، جہاں شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کی تعریفیں کیں۔

ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں علی سیٹھی کو منفرد لباس میں روایتی انداز میں راجا کماری کے ہمراہ ’پسوڑی‘ پر پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جہاں اس سال علی سیٹھی نے پہلی بار کوچیلا میں پرفارمنس دی، وہیں بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دسانج نے بھی پہلی بار میلے میں پرفارمنس دی۔

اس سے قبل گزشتہ سال پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب نے بھی کوچیلا میں پرفارمنس کی تھی جب کہ دیگر بھارتی اور پاکستانی گلوکار و فنکار بھی ماضی مین کوچیلا کا حصہ بنتے آئے ہیں۔

علی سیٹھی کی شاندار پرفارمنس پر صبا قمر سمیت فلم ساز شرمین عبید چنائے اور عدنان ملک سمیت دیگر شخصیات نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

تبصرے (0) بند ہیں