کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے بارش کی پیشگوئی

07 جولائ 2023
ایڈوائزری کے مطابق مون سون کے سلسلے کا آج (6 جولائی) سے مشرقی اور شمال مغربی سندھ کے قریب پہنچنے کا امکان ہے— فائل فوٹو: اظہر خان
ایڈوائزری کے مطابق مون سون کے سلسلے کا آج (6 جولائی) سے مشرقی اور شمال مغربی سندھ کے قریب پہنچنے کا امکان ہے— فائل فوٹو: اظہر خان

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت صوبے بھر میں گرد و غبار کے طوفان کے ساتھ 7 سے 9 جولائی (جمعہ تا اتوار) تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق مون سون کے سلسلے کا آج (6 جولائی) سے مشرقی اور شمال مغربی سندھ کے قریب پہنچنے کا امکان ہے، جس کے بتدریج سندھ بھر میں پھیلنے کی توقع ہے۔

اس سسٹم کے زیر اثر 7 سے 9 جولائی تک شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور کراچی میں گرد آلود ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ دادو، جامشورو، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شکارپور، تھرپارکر، عمرکوٹ، جیکب آباد، کندھ کوٹ، کشمور، گھوٹکی، سکھر، خیرپور اور نوشہرو فیروز کے اضلاع میں موسم کی ایسی ہی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں مسلسل دو دن بھی موسلادھار بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق اور 49 زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع سے بارش کے باعث ہونے والی اموات کی رپورٹ موصول ہوئی ہے اور لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 اموات ہوئیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گوجرانوالہ میں 6 افراد اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چکوال میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، اس کے علاوہ جھنگ اور فیصل آباد میں ایک،ایک اور شیخوپورہ میں بارش کے باعث 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس سے ایک روز قبل لاہور میں ریکارڈ موسلادھار بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ شہر میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے سے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں