مقبول اداکارہ سائرہ یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹی سے دوری کے خیال سے انہوں نے متعدد منصوبوں میں کام نہیں کیا اور ابھی تک وہ ایسے منصوبوں میں کام کرنا پسند نہیں کرتیں جن کی وجہ سے بیٹی سے دور رہنا پڑے۔

سائرہ یوسف کی ایک جواں سالہ بیٹی ہے جو انہیں ان کے سابق شوہر و اداکار شہروز سبزواری سے ہے۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کی ایک بیٹی نورے ہے۔

دونوں کے درمیان مارچ 2020 میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے چند ہفتوں بعد شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کی تھی اور سائرہ یوسف نے تاحال شادی نہیں کی۔

اداکارہ پہلے بھی بیٹی کی بہتر پرورش سے متعلق بتا چکی ہیں لیکن اب انہوں نے بتایا ہے کہ وہ کوشش کرکے ایسے منصوبوں میں کام کرتی ہیں جن کی شوٹنگ کے دوران انہیں بیٹی سے زیادہ دور رہنا نہ پڑے۔

سما ٹی وی کے شو ’حد کردی‘ میں سائرہ یوسف نے بات کرتے ہوئے سابق شوہر شہروز سبزواری کے ساتھ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’بے بی لیشس‘ پر بھی بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ فلم ابتدائی طور پر مختصر فلم کے طور پر بنائی جانی تھی لیکن بعد میں اسے فیچر فلم بنایا گیا اور اس کے اسکرپٹ کو متعدد بار تبدیل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بے بی لیشس‘ کی شوٹنگ پانچ سال تک چلی اور دو سال تک کورونا کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ بند رہی۔

انہوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور یہ کہ انہیں پہلے فلم کے نام پر اعتراض تھا لیکن بعد میں فلم بن جانے کے بعد انہیں فلم کے نام کا مطلب سمجھ آگیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ حادثاتی طور پر اداکاری میں آئیں، ایک بار وہ اپنی بہن کے ہمراہ اوڈیشن کے لیے ساتھ گئیں، جہاں ان کی بہن نے اوڈیشن دینا تھا لیکن وہاں پروڈیوسر فہد حسین نے انہیں بھی اوڈیشن دینے کا کہا اور پھر یوں وہ اداکاری کی دنیا میں آگئیں۔

ان کے مطابق انہوں نے بطور ویڈیو جوکی (وی جے) کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں اداکاری کا اتنا زیادہ شوق نہیں تھا لیکن اب انہیں سب سے زیادہ مزہ اداکاری میں ہی آتا ہے۔

سائرہ شہروز نے بتایا کہ ’صنف آہن‘ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران انہیں فوجیوں جیسی ٹریننگ دی گئی اور اسی دوران انہوں نے سوچا کہ کاش وہ پاک فوج میں ہوتیں لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں سائرہ یوسف نے بتایا کہ ان کا ایسا کوئی ڈراما یا پروجیکٹ نہیں ہے، جس پر انہیں پچھتاوا ہو، انہیں تمام ڈراموں اور فلموں میں کام کرکے مزہ آیا۔

اسی طرح انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ بیٹی کے کم عمر ہونے کی وجہ سے ایسے بہت سارے منصوبے نہیں کر سکیں جن کی شوٹنگ طویل تھی اور انہیں کافی عرصے تک بیٹی سے دور رہنا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی سے دوری کے خیال سے کئی منصوبوں میں کام کرنے سے معذرت کی اور ابھی تک وہ ایسے منصوبوں میں کام نہیں کرتیں جن کی وجہ سے بیٹی سے دوری اختیار کرنی پڑے۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں بیٹی کی دوری کی وجہ سے منصوبوں کو چھوڑنے پر کوئی افسوس نہیں، وہ ہمیشہ اس طرح کام کرتی ہیں کہ ان کی ذاتی زندگی ڈسٹرب نہ ہو۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں