پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو سے سابق ٹیسٹ کرکٹر و آل راؤنڈر عمران خان کو نکالے جانے پر سوشل میڈیا صارفین اور متعدد نامور شخصیات کے شدید ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویڈیو ڈیلیٹ کرتے ہوئے نئی ویڈیو جاری کردی۔

14 اگست کو ملک کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں 1952ء سے لے کر موجودہ وقت تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار مناظر دکھائے گئے تھے۔

لیکن اس پوری ویڈیو میں 1992ء میں پاکستان کے لیے واحد کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان غائب تھے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور معافی کا مطالبہ کیا۔

یہی نہیں بلکہ ویڈیو سے عمران خان کو نکالنے پر عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم بھی خاصے برہم نظر آئے اور اس ویڈیو کو بڑا دھچکا قرار دیا تھا۔

وسیم اکرم سمیت متعدد نامور شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے کہا تھا کہ ’سیاسی اختلافات سے قطع نظر عمران خان عالمی کرکٹ کے ایک آئیکون ہیں اور انہوں نے اپنے دور میں پاکستان ٹیم کو ایک مضبوط یونٹ کے طور پر پروان چڑھایا۔‘

3 روز تک جاری شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد آخر کار پاکستان کرکٹ بورڈ کو غلطی کا احساس ہوگیا اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا۔

نئے پرومو میں 1992ء ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان کو ٹرافی اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر نئی ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی نے آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی پروموشن کے لیے ایک مہم شروع کی ہے جس کی ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپلوڈ کی گئی تھی’۔

پی سی بی نے مزید لکھا کہ ’چونکہ ویڈیو کافی لمبی تھی، اس لیے اسے مختصر کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے کچھ اہم کلپس شامل نہیں ہوسکے تھے‘۔

پی سی بی نے ویڈیو کیپشن میں لکھا کہ اہم مناظر شامل نہ ہونے کی وجہ سے ویڈیو کا درست اور مکمل ورژن اپ لوڈ کرکے اسے صحیح کردیا گیا ہے۔

ویڈیو میں 1992 ورلڈ کپ میں عمران خان کے ٹرافی اٹھانے کے مناظر کے علاوہ دیگر یادگار لمحے بھی شامل کیے گئے جن میں 2016 میں مصباح الحق کا ٹیسٹ میس میں فتح کے بعد ٹرافی اٹھانا، 2021 میں ندا ڈار جب 100 وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں اور پاکستان ویمنز ٹیم کی ایشین گیمز م میں فتوحات کا بھی ذکر کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے نیا پرومو جاری کرنے کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے لیے یہ ایک زبردست پروموشنل ویڈیو ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کرکٹ میں ہمارے ہیروز کی خدمات کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے۔

1992ء میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان نے سیاست کا رخ کیا تھا اور 2018ء میں وہ ملک کے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے پیٹرن ان چیف بن گئے تھے۔

تاہم گزشتہ سال اپریل 2022ء میں ان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جو کامیاب ہوئی اور وہ اس آئینی عمل کے نتیجے میں معزول ہونے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے۔

معزولی کے بعد عمران خان نے حکومت کے خلاف درجنوں مظاہرے اور جلسے کیے، اس دوران ان پر متعدد مقدمات قائم ہوئے اور انہیں گزشتہ سال 9 مئی کو نیب کے ایک کیس میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے ردعمل میں ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے اور اس دوران عسکری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

تاہم انہیں ایک دن بعد رہا کردیا گیا، عمران خان پر قائم متعدد مقدمات میں سے ایک توشہ خانہ کیس بھی ہے جس میں وہ بدعنوانی کے مرتکب قرار پائے اور انہیں رواں ماہ 5 اگست کو تین سال قید کی سزا سنانے کے بعد پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا اور وہ اس وقت اٹک جیل میں قید ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں