ایک دہائی قبل ریلیز ہونے والی بولی وڈ کی مقبول فلم ’راک اسٹار‘ کے قوالی انداز کے گیت ’کن فیکون‘ کو گانے والے گلوکار جاوید علی نے انکشاف کیا ہے کہ گانا ریکارڈ کروانے سے قبل موسیقار اے آر رحمٰن نے انہیں وضو کرنے کا کہا۔

’راک اسٹار‘ کو 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا اور ’کن فیکون‘ کو رنبیر کپور کی زندگی میں آنے والی مشکلات پر فلمایا گیا تھا۔

فلم کی کامیابی میں ’کن فیکون‘ کا بھی بڑا ہاتھ تھا اور مذکورہ گانے کا شمار اے آر رحمٰن کے مقبول ترین گیتوں میں ہوتا ہے۔

’کن فیکون‘ کو مسلمان گلوکار جاوید علی نے دیگر گلوکاروں کے ہمراہ گیا تھا، اس کی شاعری مسلمان شاعر ارشاد علی نے لکھی تھی جب کہ موسیقی مسلمان موسیقار اے آر رحمٰن نے ترتیب دی تھی۔

حال ہی میں گلوکار جاوید نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ مذکورہ گانے کو ریکارڈ کروانے سے قبل موسیقار اے آر رحمٰن نے انہیں وضو کرنے کا کہا تھا۔

گلوکار کے مطابق ’کن فیکون‘ سے قبل بھی وہ اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کر چکے تھے لیکن مذکورہ گانا ریکارڈ کروانے سے قبل موسیقار نے انہیں وضو کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اے آر رحمٰن نے انہیں کہا کہ وہ صرف گانا نہیں گانے جا رہے بلکہ وہ ایک دعا پڑھنے جا رہے ہیں، اس لیے وہ پہلے وضو کرلیں تو بہتر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اے آر رحمٰن کی ہدایات کے بعد انہوں نے پہلے وضو کیا اور پھر ٹوپی پہن کر گانے کو ریکارڈ کروایا۔

جاوید علی کے مطابق جب گانے کی ریکارڈنگ شروع ہوئی تو پورے اسٹوڈیو کی بتیاں بجھا دی گئیں اور موم بتی کی روشنی میں انہوں نے گانا شروع کیا اور اسٹوڈیو میں صرف موسیقار، شاعر اور وہ خود موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کن فیکون‘ کو ریکارڈ کرواتے وقت انہیں دعا مانگنے جیسے احساس ہوا اور آج تک وہ جب بھی مذکورہ گیت گاتے ہیں تو سر کو ڈھانپتے ہیں اور سب سننے والے لوگ بھی گانے کو سنتے وقت اسے دعا سمجھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں