معروف چائلڈ آرٹسٹ عینا آصف نے پہلی بار بتایا ہے کہ انہوں نے اداکاری کی شروعات کیسے کی اور انہیں پہلی بار کس کے کہنے پر ڈرامے میں کام کرنے کا موقع ملا۔

عینا آصف نے حال ہی میں مزاحیہ شو حد کردی میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ اداکاری میں آنے کے بعد گھر میں ان کی اہمیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، البتہ اسکول میں کچھ بہتر تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

ان کے مطابق اسکول میں اساتذہ انہیں ہوم ورک دینے اور اسائنٹمنٹ جمع کروانے کے لیے درخواست پر زیادہ وقت دے دیتے ہیں، تاہم امتحانات کی مارکس میں ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جاتی۔

عینا آصف کے مطابق شہرت حاصل کرنے کے بعد ان کی زندگی میں یہ تبدیلی آئی ہے کہ اب وہ بناؤ سنگھار کرکے گھر سے نکلتی ہیں، ماضی میں وہ ایسا نہیں کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں اپنی کامیابی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اس میں ان کا کوئی کمال نہیں، انہوں نے صرف کام کیا اور خدا نے انہیں محنت کا سلہ دیا۔

ایک سوال کے جواب میں عینا آصف نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی اداکار احمد آصف کو دیکھ کر شوبز میں آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھائی کی اداکاری دیکھنے کے بعد انہوں نے والدہ سے اداکاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر ان کی والدہ نے پہلی سی محبت ڈرامے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو چھوٹا کردار دینے کی درخواست کی اور پہلی بار انہوں نے صرف دو دن تک ڈرامے کی شوٹنگ کی۔

ان کے مطابق پہلی سی محبت میں انہوں نے مایا علی کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا اور وہ ان کا پہلا ڈراما تھا، جس کے بعد انہیں مزید مواقع ملے اور پنجرہ کے بعد مائی ری سے انہیں شہرت ملی۔

ان کا کا کہنا تھا کہ انہیں والدہ کی درخواست پر اداکاری کرنے کا موقع ملا اور یہ کہ انہیں بھائی کو دیکھ کر ہی اداکاری کا شوق ہوا اور انہوں نے 12 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا۔

خیال رہے کہ ان کے بھائی احمد آصف نے بھی پہلی سی محبت میں کام کیا تھا اور دونوں بہن و بھائی چائلڈ آرٹسٹ ہیں، تاہم عینا آصف کو جلد شہرت مل گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں