اداکارہ یمنیٰ زیدی کو ان کی فلم نایاب کے پریمیئر کے موقع پر فلم ساز عاصم رضا کی جانب سے بوسہ دیے جانے پر دونوں کو تنقید کا سامنا ہے۔

یمنیٰ زیدی اور اسامہ خان کی فلم نایاب کا پریمیئر 25 جنوری کی شب کو صوبائی دارالحکومت کراچی میں ہوا تھا اور 26 جنوری کو فلم کو ریلیز کیا گیا تھا۔

پریمیئر میں بولڈ لباس پہننے پر بھی یمنیٰ زیدی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اب ان کی فلم ساز سے ملنے کی مختصر ویڈیو وائرل ہونے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں یمنیٰ زیدی کو فلم ساز عاصم رضا کے ساتھ پریمیئر کے موقع پر گلے ملتے دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران فلم ساز اداکارہ کو بوسہ بھی دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

مختصر ویڈیو میں دونوں شخصیات ایک دوسرے سے انتہائی مختصر مصافحہ بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں جب کہ یمنیٰ زیدی پریمیئر میں آئی دیگر شخصیات سے بھی بے تکلف ہوکر ملتے دکھائی دیتی ہیں۔

فلم ساز عاصم رضا اور یمنیٰ زیدی کی جانب سے بے تکلف ہوکر ملنے اور بوسہ دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر اسلامی ملک میں مغربی کلچر کو فروغ دینے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

صارفین نے دونوں شخصیات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں شرم دلانے کی کوشش کی اور بعض افراد نے لکھا کہ ایسی تقریبات میں ایسا کرنا معمول کی بات ہوتی ہے۔

کچھ صارفین نے لکھا کہ ان کا خیال تھا کہ یمنیٰ زیدی باقی اداکارائوں سے مختلف ہوں گی لیکن مذکورہ ویڈیو کے بعد انہیں احساس ہوگیا کہ نہیں کہ وہ بھی باقیوں کی طرح ہیں۔

جہاں صارفین نے ان پر بوسہ دے کر ملنے پر تنقید کی، وہیں متعدد افراد نے ان کی حمایت بھی کی اور لکھا کہ دونوں کے درمیان بیٹی اور والد جیسا رشتہ ہے۔

ان کی حمایت کرنے والے افراد نے کمنٹس کیے کہ ہر کسی کی ہر بات پر بہت زیادہ منفی باتیں پھیلانا اچھا نہیں ہوتا، فلم ساز اداکارہ کے والد کی طرح ہی ہیں اور والد اپنی بیٹی کے ساتھ ایسے مل سکتا ہے۔

اسی تقریب میں یمنیٰ زیدی فلم ساز وجاہت رئوف سمیت دیگر شخصیات سے بھی بے تکلف ہوکر ملتی دکھائی دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں